نریندر مودی اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے کشمیر میں تشدد کو ہوا دے رہے ہیں ،بھارتی سیاستدان مایاوتی

مودی حکومت نے ملک کے عوام کو بے حد مایوس کیا ہے،مودی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے، لوگوں کی توجہ بھٹکانے کے لئے مودی حکومت پاکستان سے جنگ کے لئے بھی جا سکتی ہے سربرا ہ بہوجن سماج پارٹی کا ریلی سے خطاب،مودی کو آڑے ہاتھوں لیا

اتوار 28 اگست 2016 22:30

نریندر مودی اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے کشمیر میں تشدد کو ہوا دے رہے ..

لکھنئو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28اگست۔2016ء) بھارتی سیاستدان اور بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے ملک کے عوام کو بے حد مایوس کیا ہے،مودی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے، لوگوں کی توجہ بھٹکانے کے لئے کشمیر میں تشدد کو بڑھاوا دیا جا رہا ہے اور پاکستان سے جنگ کے لئے بھی یہ حکومت جا سکتی ہے،مودی سرکار نے اب تک اپنا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ،مرکز میں جب سے بی جے پی کی حکومت بنی ہے تب سے ملک میں مسلم سمیت دیگر اقلیتوں کے ساتھ غلط رویہ اختیار کیا جا رہا ہے،فرقہ پرست طاقتیں مضبوط ہوگئی ہیں ، جس کی وجہ سے گاو رکشا اور تبدیلی مذہب کی آڑ میں اقلیتوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مایا وتی نے کہا کہ نئی دہلی کے لا اینڈ آرڈر کو بھی جب یہ بی جے پی کی حکومت نہیں سنبھال سکتی ، تو اتر پردیشکے لا اینڈ آرڈر کو کس طرح سنبھالے گی ؟ موجودہ حکمراں پارٹی جو اپنے جرم کے لئے ہمیشہ سے جانی جاتی رہی ہے ، لیکن اس مرتبہ تو غنڈوں اور دبنگوں کا حوصلہ مزید بلند ہوگیا ہے ، جس کی وجہ سے ریاست میں لوٹ مار، جرائم، عصمت دری اور فرقہ وارانہ فسادات جیسے واقعات خوب ہورہے ہیں۔

مایا وتی کا کہنا تھا کہ ریاست میں خواتین کے تحفظ کی صورت حال انتہائی خراب ہو گئی ہے، خواتین کے ساتھ ریاست میں ہر روز عصمت دری اور بدسلوکی کا واقعہ پیش آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں بی ایس پی اور دلت مخالف لوگ دوسری پارٹیوں پر لگے الزامات کو صرف ایک دو دن دکھاتے ہیں اور جب بی ایس پی سے چھوڑ کر گئے مفاد پرست لوگ بی ایس پی کے خلاف پروپیگنڈہ کرتے ہیں اور الزامات لگاتے ہیں کہ بی ایس پی میں ٹکٹ فروخت کئے جا رہے ہیں۔