پنجاب میں کالعدم تنظیموں کیخلاف ’مخصوص علاقوں‘ میں آپریشن کیلئے ر ینجرز طلب

کوئٹہ میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے بعد محسوس کیا گیا کہ پنجاب میں دہشتگردوں، کالعدم تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف برسر پیکار انسداد دہشتگردی کی فورس کی مدد کیلئے رینجرز کو تعینات کیا جائے،ضرورت پڑنے پر مدت میں توسیع کی جاسکتی ہے ، صوبائی وزیر قانون رانا ثنا ء اﷲ کابرطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو

جمعہ 9 ستمبر 2016 22:22

پنجاب میں کالعدم تنظیموں کیخلاف ’مخصوص علاقوں‘ میں آپریشن کیلئے ر ..

لاہور/لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9 ستمبر ۔2016ء) حکومت نے پنجاب میں دہشتگرد اور کالعدم تنظیموں کیخلاف ’مخصوص علاقوں‘ میں آپریشن کیلئے رینجرز کو طلب کر لیا ہے رانا ثنا اﷲ نے کہا کہ کوئٹہ میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے بعد یہ محسوس کیا گیا ہے کہ پنجاب میں دہشتگردوں، کالعدم تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف برسر پیکار انسداد دہشتگردی کی فورس کی مدد کیلئے رینجرز کو تعینات کیا جائے۔

جمعہ کو برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے رانا ثنا اﷲ نے کہا کہ پنجاب میں رینجرز کو ’مخصوص مدت‘ اور ’مخصوص علاقوں‘ کیلئے بلایا جا رہا ہے انھوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر رینجرز کو دو ماہ کے بلایا جا رہا ہے لیکن اگر ضرورت محسوس کی گئی تو ان کی مدت میں توسیع ہو سکتی ہے انھوں نے کہا کہ پنجاب میں رینجزز پہلے سے موجود ہیں اور خفیہ اطلاعات پر پولیس کے ساتھ مل کر دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اﷲ نے کہا کہ پنجاب میں رینجرز کو موجودگی کو مزید مربوط بنانیاور ان کی تعداد کو بڑھایا جا رہا ہے انھوں نے واضح کیا کہ رینجرز کو پنجاب کے’بعض مشکل‘ علاقوں میں جہاں انٹیلجنس رپورٹوں کے مطابق ایک سخت کارروائی کی ضرورت ہے ، کارروائی کے لیے بلایا جا رہا ہے انھوں نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں کہ پنجاب میں رینجرز کو بلایا جا رہا ہے انھوں نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے راجن پور میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے لیے بھی رینجزر کو طلب کیا گیا تھا رینجرز کی تعیناتی کے لیے ایک سمری وزیراعلیٰ شہباز شریف کو بجھوادی گئی ہے جن کی منظوری کے بعد وفاقی وزارت داخلہ کو رینجرز کی تعیناتی کے لیے خط لکھا جائیگاوزیراعلیٰ کو بھیجی گئی سمری کے مطابق رینجرز کی تعیناتی اپیکس کمیٹی کی جانب سے طے کیے گئے مخصوص علاقوں میں کی جائے گی جہاں وہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور کالعدم تنظیموں کے خلاف پنجاب پولیس کے شعبہ انسداد دہشت گردی کے ساتھ مل کر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں میں حصہ لے گی۔