پاکستان اور بیلاروس کے درمیان کاروباری و تجارتی مواقع سے بھرپور استفادے کی ضرورت ہے ، آئندہ چار برسوں میں دو طرفہ تجارتی حجم کو ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے کاوشیں بروئے کار لائی جائیں، پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتر ی سے زیادہ اقتصادی اور سرمایہ کاری مواقع کی راہ ہموار ہو رہی ہے

وزیراعظم محمد نوازشریف کی بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو سے وزیراعظم ہاؤس میں ون ٹو ون ملاقات میں گفتگو

بدھ 5 اکتوبر 2016 14:04

اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان کاروباری و تجارتی مواقع سے بھرپور استفادے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس امر کو اجاگر کیا ہے کہ آئندہ چار برسوں میں دو طرفہ تجارتی حجم کو 50 ملین ڈالر سے ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے کاوشیں بروئے کار لائی جائیں۔

انہوں نے یہ بات بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو سے بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں ون ٹو ون ملاقات میں کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں ٹیکسٹائل، زرعی سازو سامان اور مصنوعات، بھاری مشینری، ادویہ سازی اور گاڑیوں کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور کاروباری سطح پر روابط کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جس سے زیادہ اقتصادی اور سرمایہ کاری مواقع کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

بیلاروس کے صدر کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے اس دورے کو بڑھتی ہوئی دوستی اور دو طرفہ روابط کا غماز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہمارے دو طرفہ تعلقات مختلف شعبوں میں پھیل رہے ہیں، ہمیں اس تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کو گزشتہ ماہ بیلاروس میں پارلیمانی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس نے گزشتہ 16 ماہ کے دوران 50 معاہدوں اور مفاہمت کی دستاویزات پر دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں اطراف اس دورے کے دوران مزید معاہدوں پر دستخط کرینگے۔ وزیراعظم نے ایم او یوز اور معاہدوں پر تیزی سے عملدرآمد پر زور دیا۔ صدر لوکاشنکو نے ان کا اور وفد کا پرتپاک خیر مقدم کرنے اور مہمان نوازی پر نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں ترقی کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کو اقتصادی بحالی اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابیوں پر مبارکباد دی۔ الیگزینڈر لوکاشنکو نے کہا کہ بیلاروس مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بیلاروس کو عوام کے مفاد میں پائے جانے والے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔