مقبوضہ کشمیر ، بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید 12سالہ جنید کا سکول کارڈ سوشل میڈیا پر سامنے آگیا

جنید احمد ساتویں جماعت کا طالب علم تھا،بھارتی جارحیت کے خلاف مقبوضہ وادی میں ہزاروں افراد کا احتجاج،کشمیری بچہ بھارتی فوج کے سامنے سینہ تان کر کھڑا ہوگیا، فلک شگاف نعرے،قریب کھڑا بھارتی فوجی اسے کچھ نہ کہہ سکا

اتوار 9 اکتوبر 2016 23:55

مقبوضہ کشمیر ، بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید 12سالہ جنید کا سکول کارڈ ..

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔9اکتوبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے 12سالہ معصوم بچے جنید کا سکول کارڈ سوشل میڈیا پر سامنے آگیا جس کے مطابق جنید احمد ساتویں جماعت کا طالب علم تھا،جنید کے قتل کے خلاف مقبوضہ وادی میں اتوار کو ہزاروں افراد نے احتجا ج کیا اس دوران ایک کشمیری بچے نے بھارتی فوجی کے آگے سینہ تان کر آزادی کانعرہ لگادیا، قریب کھڑا بھارتی فوجی اسے کچھ نہ کہہ سکا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے 12سالہ معصوم بچے جنید کا سکول کارڈ سوشل میڈیا پر سامنے آگیا۔جنید احمد کے سکول کارڈ پر اسکے سکول کا نام نیو بانونٹ انگلش سکو ل عالی مسجد عیدگاہ سرینگر کا پتہ درج ہے ۔

(جاری ہے)

جنید علی ساتویں جماعت کا طالب علم تھا اور اسکے کارڈ پر رول نمبر اور بس نمبر بھی درج ہے ۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بارہ سالہ معصوم بچے جنید کے قتل کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا، بھارتی مظالم کے خلاف کیے جانے والے اس مظاہرے میں شریک ایک کشمیری بچہ بھارتی فوجی کے آگے سینہ تان کر کھڑا ہوگیا۔چھوٹے سے بچے کی بہادری اور وی وانٹ فریڈم کے نعرے سن کر بھارتی فوجی پیچھے ہٹ گیا۔ یاد رہے کہ آج ہی بھارتی فوج کے ہاتھوں 12 سالہ بچے کی شہادت کے باوجود کشمیری عوام میں جذبہ آزادی میں ذرہ برابر بھی کمی نہ آسکی۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ بچہ جذبہ آزادی سے سرشار ہوکر بھارتی فوجی کے سامنے کھڑے ہوکر فلک شگاف نعرے لگا رہا ہے۔ جبکہ بھارتی فوجی نے اس پر اپنی بندوق بھی تان رکھی ہے۔یاد رہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں پیلٹ گن سے چھلنی ہونے والا بارہ سالہ بچہ شہید ہوگیا تھا، مظاہرین شہید بچے کا جنازہ لے کر نکلے تو غاصب فوج نے شیلنگ کرکے کئی افراد زخمی کردیئے، جنید کا جسد خاکی سبز ہلالی پرچم میں لپیٹ کر آخری آرام گاہ پہنچایا گیا۔کشمیرکی تحریک آزادی میں جام شہادت نوش کرنے والے کشمیریوں کی تعداد ایک سوسے زائد ہوگئی ہے جبکہ ہزاروں افرادزخمی ہیں لیکن بھارتی مظالم کے خلاف سینہ سپرہیں۔