بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیرالہ سیکٹر پر ایک دن میں دو مرتبہ بلا اشتعال فائرنگ کردی، دو خواتین اور دو بچے زخمی ہوگئے۔ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 19 اکتوبر 2016 22:31

بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19اکتوبر۔2016ء) بھارتی فوج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیرالہ سیکٹر پر ایک دن میں دو مرتبہ بلا اشتعال فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں دو خواتین اور دو بچے زخمی ہوگئے۔ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ایل او سی پر کیرالہ سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے شام 4 بجے شروع کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس میں 2 خواتین زخمی ہوگئی ہیں۔

اس سے قبل ایک ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی فورسز کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے دو بچے زخمی ہوئے جن کی عمریں 3 سال اور 11 سال ہیں، انھیں علاج کیلئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل نفیس زکریا نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ہندوستان نے ایک مرتبہ پھر 19 اکتوبر کو رات گئے ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف وزری کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے ایل او سی پر کیرالہ سیکٹر میں پاکستانی حدود میں بلا اشتعال فائرنگ کی، جس کا پاکستانی فورسز نے بھر پور جواب دیا۔اپنے دوسرے ٹوئٹ میں نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے ایک ہی دن میں دوسری مرتبہ شام 4 بجے کیرالہ سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے، جس کا پاکستان آرمی نے بھر پور جواب دیا۔خیال رہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ہندوستان کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی رپورٹ اپنے ٹوئٹ کے ذریعے فراہم کی ہے اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹننٹ جنرل عاصم باجوہ اس حوالے سے میڈیا کو رپورٹ فراہم کرتے تھے۔