ساہیوال کول پاور پلانٹ کیلئے کوئلہ کی ترسیل ریلوے کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے ,منصوبے کو جلد ازجلد مکمل کیا جائیگا٬معیار اور شفافیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں ہو گا

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 18:56

لاہور۔22 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2016ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ساہیوال کول پاور پلانٹ کیلئے کوئلہ کی ترسیل ریلوے کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے جسے پایہٴ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام تر توانائیاں صرف کرتے ہوئے اِس منصوبے کو جلد ازجلد مکمل کیا جائیگا۔ اِن خیالات کا اظہار وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز آفس لاہور میں پاکستان ریلویز کی فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان ریلویز فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی کے ذمہ داران اِس تاریخی منصوبے کومقررہ وقت میں مکمل کرنے کیلئے شبانہ روز محنت کر یں ۔ وزیر ریلوے نے پی آرایف ٹی سی کے ذمہ داران کو تنبیہ کی کہ اِس پراجیکٹ میں معیار اور شفافیت پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پی آر ایف ٹی سی کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر ظفر زمان رانجھا نے وزیر ریلوے کو ساہیوال کول پاور پلانٹ پراجیکٹ پر ریلوے کی جانب سے اًب تک کی ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور٬مشیر ریلوے انجم پرویز٬ ممبر فنانس غلام مصطفی٬ ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی ٬ ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید٬ ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ارشد سلام خٹک ٬منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ریلویز فریٹ ٹرانسپورٹیشن کمپنی ظفر زمان رانجھا٬ چیف آپریٹنگ سپرنٹنڈنٹ محمود حسن٬ چیف مارکیٹنگ منیجر عبدالحمید رازی اورفنانشل ایڈوائزر اینڈ چیف اکاؤنٹس آفیسرڈاکٹر محمد سعیدسمیت ریلوے کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔