پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند اور سموگ کا راج برقرار ٬موٹر وے ٹریفک کیلئے بند ٬حادثات میں 3 افراد جاں بحق ٬4 زخمی

شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں ٬اگر صفر ضروری ہو تو فوگ لائٹس کا استعمال کریں‘ ترجمان موٹروے کی ہدایت

جمعہ 4 نومبر 2016 16:41

لاہور /ساہیوال /شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2016ء) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند اور سموگ کا راج برقرار ٬ ساہیوال اور پنڈی بھٹیاں میں ٹریف حادثات کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوگئے اور 4زخمی ہو گئے ٬ حد نظر انتہائی کم ہونے کے باعث موٹر وے کو کئی مقامات پر بند کردیا گیا ہے٬ مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محتاط رہنے کی ہدایت کر دی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند اور سموگ کا راج برقرار ہے جبکہ حد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹر وے حکام کا کہنا ہے کہ لاہور سے سیال موڑ تک اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک موٹر وے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایم 4 گوجرہ سے فیصل آباد تک بھی موٹر وے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ساہیوال میں دھند کے باعث جی ٹی روڈ پر چک 18 کے قریب 2 ٹرکوں اور کار میں تصادم سے 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ پنڈی بھٹیا ں میں بھی ایک شخص دم توڑ گیا ۔جی ٹی روڈ٬ مانگا منڈی٬ پتوکی اور دیگر شہروں میں بھی شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ترجمان موٹر وے کا کہنا ہے کہ شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور اگر صفر ضروری ہو تو فوگ لائٹس کا استعمال کریں٬ ہنگامی صورتحال پر ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری دوران سفر تیز رفتاری٬ موبائل فون کا استعمال نہ کریں۔ بعد ازاں دھند جھٹنے کے بعد موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔