وزیر داخلہ چوہدری نثار اور عابد شیر علی پاکستان کے مقبول ترین نوجوان رہنما پر بات کرنے سے پہلے اپنے گھر کے معاملات کو درست کریں،بھٹو خاندان اور عوام کے درمیان دل اور روح کا رشتہ ہے لہٰذا بھٹو خاندان کے خلاف بولے گئے الفاظ کا رد عمل طوفان خیز ہوگا، چوہدری نثار اور عابدعلی شیر قوم کے لئے بد بختی اورہمیشہ ن لیگ حکومت کی قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ناکامی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوششیں کرتے رہتے ہیں‘ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر عاجز دھامراہ کا بیان

ہفتہ 12 نومبر 2016 22:59

وزیر داخلہ چوہدری نثار اور عابد شیر علی پاکستان کے مقبول ترین نوجوان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 نومبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر مملکت عابد شیر علی پاکستان کے مقبول ترین نوجوان رہنما پر بات کرنے سے پہلے اپنے گھر کے معاملات کو درست کریں۔ جاری کردہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ بھٹو خاندان اور عوام کے درمیان دل اور روح کا رشتہ ہے لہٰذا بھٹو خاندان کے خلاف بولے گئے الفاظ کا رد عمل طوفان خیز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ اسامہ بن لادن اور اس کے جان نشینوں سے مالی معاونت حاصل کرتے رہے ان لوگوں کا جمہوری احتساب ہونا چاہیے کیونکہ جمہوریت اور قومی معیشت کے خلاف ان کے جرائم ملک کو انتشار اور بے یقینی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ سینیٹر عاجز دھامراہ نے ن لیگ کے وزراء کی ہرزہ سرائی پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار علی اور عابد شیر علی قوم کے لئے بد بختی ہیں اوروہ ہمیشہ ن لیگ حکومت کی قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ناکامی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوششیں کرتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ بغیر کسی شرم و حیا ء کے کالعدم تنظیموں کے رہنماؤں کو وزارت داخلہ میں چائے پر مدعو کرتے ہیں جبکہ قومی ایکشن پلان کے لحاظ سے وزارت داخلہ کی حیثیت ان کے ایک کمانڈ سینٹر کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت پارٹی کی تنظیم سازی نواز شریف حکومت پر بھاری گزر رہی ہے اور انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں بلاول بھٹو کے ہاتھوں اپنی شکست کے خوف سے ان کے خلاف مہم شروع کردی ہے۔

سینیٹر عاجز دھامراہ نے وزیراعظم نواز شریف کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے’’ وگ پہنے سپاہی ‘‘اور ’’ خراب بھانجے‘‘ کو ہمارے محبوب قائد کے خلاف ایسی زبان استعمال کرنے سے روکیں ورنہ جیالے عوام سے مل کر ان کے گناہوں اور غیر قانونی جمع کردہ اثاثوں کو آشکار کردیں گے۔