پوری قوم دہشت گردوں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے متحد ہے،چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی،مولانا عبدالغفور حیدری ،راجہ محمد ظفرالحق ،چوہدری اعتزاز احسن کی سیہون شریف دھماکوں کی بھر پور مذمت

جمعرات 16 فروری 2017 22:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے سیون شریف میں درگاہ لعل شہباز قلندر پر ہونے والے بم دھماکوں اور ملک میں دہشت گردی کی اس نئی لہر کی شدید مذمت کی ہے اور ان دھماکوں میں ہونے والے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے دھماکوں میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا پوری قوم دہشت گردوں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے متحد ہے اور یہ کہ اگر دہشت گرد سمجھتے ہیں کہ ایسے بزدلانہ حملوں سے ہمارے حوصلے پست کئے جا سکتے ہیں تو وہ خام خیالی کا شکار ہیں ۔ اس قسم کی دہشت گرد کارروائیوں سے دہشت گردوں کے خلاف ہمارا عزم مزید مضبوط ہوگا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری ، قائد ایوان سینیٹ راجہ محمد ظفرالحق ، قائد حزب اختلاف سینیٹ چوہدری اعتزاز احسن نے بھی سیہون شریف دھماکوں کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ بزدل دشمن نے بچوں اور عورتوں کو نشانہ بنایا ۔ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف متحدہ ہے ۔