بے نظیر بھٹو شہید یوتھ ڈیویلپمنٹ پروگرام ایک بہت مفید سلسلہ ہے، ڈاکٹر عاصم امداد

پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے نوجوان نہ صرف معاشرہ کے لئے کارآمد شہری ثابت ہونگے بلکہ وہ اپنی فیملی کی بھی بہتر طور پر کفالت کرسکیں گے، خطاب

بدھ 1 مارچ 2017 22:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2017ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے کمپیوٹنگ اینڈ انجینئر نگ فیکلٹی کے ایسو سی ایٹ ڈین ڈاکٹر عاصم امداد نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو شہید یوتھ ڈیویلپمنٹ پروگرام ایک بہت مفید سلسلہ ہے جس سے نوجوان طبقہ کو کسی ایک ٹریڈ میں مفت پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کی سہو لت حاصل ہورہی ہے ، اس پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے نوجوان نہ صرف معاشرہ کے لئے کارآمد شہری ثابت ہونگے بلکہ وہ اپنی فیملی کی بھی بہتر طور پر کفالت کرسکیں گے۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ شام یونیورسٹی آڈیٹوریم میں بے نظیر بھٹو شہیدیوتھ ڈیویلپمنٹ پروگرام اور محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے اشتراک سے نوجوانوں کے لئے شروع کئے جانے والے چار ماہ کے تربیتی پروگرام کے پہلے بیج کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انھیں اس بات کی بہت خوشی ہے کہ ہمارا نوجوان طبقہ پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت سے آگاہ ہے جس کی بنا پر یہ پروگرام گزشتہ آٹھ برس سے بڑی کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اب چار ماہ کے پیشہ ورانہ تربیتی کورس مکمل کرلینے والے نوجوان نوکری کی تلاش میں مارے مارے پھرنے کے بجائے چھوٹے پیمانے پر اپنا ذاتی کاروبار بھی شروع کرسکیں گے جس سے ملک میں بے روزگاری کی شرح کم کرنے میں بھی بڑی مدد ملے گی۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پوری توجہ اور دلچسپی کے ساتھ اپنی پسند کے ٹریڈ میں تربیتی پروگرام سے بہتر سے بہتر استفادہ کریں جس کے بعد وہ اپنی عملی زندگی میں اعتماد کے ساتھ قدم رکھ سکیں گے۔

قبل ازیں تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو پروگرام کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ماجو کے ڈائیریکٹر طلبہ امور و پروگرام انچارج احمر عمر نے بتایا کہ ہر زیر تربیت نوجوان کو ہر ہفتہ 30 گھنٹہ ٹریننگ کرنی ہوگی اور چار ماہ کے دوران 75 فی صد حاضری یقینی بنانی ہوگی بصورت دیگر وہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا اہل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے چھ ٹریڈز میں ٹریننگ پروگرام شروع کئے ہیں جس کے لئے ماہر اساتذہ اور ٹرینرز کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ نوجوانوں کو بہترین پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریننگ مکمل کرنے والے نوجوانوں کو سرٹیفیکٹ اور دس ہزار روپے کا وظیفہ دیا جائے گا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی نے بے نظیر بھٹو شہید یوتھ ڈیویلپمنٹ پروگرام ،حکومت سندھ کے اشتراک سے نوجوانوں کے لئے چھ مختلف ٹریڈز جن میں موبائیل ایپلیکیشن ڈیویلپمنٹ،ویب ڈیزائننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ،آفس آٹومیشن،ویڈیو پراڈکشن،الیکٹریشن اور موبائل ریپیرنگ شامل ہیں کے چار ماہ کا تربیتی پروگرام شروع کیا ہے جس میں نوجونواں کی ایک بہت بڑی تعداد نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔