بہاول پور ،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام بہار 2017کے داخلوں کی آگاہی کے سلسلے میں اوپن ڈے کی تقریب کا انعقاد

منگل 7 مارچ 2017 22:09

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ریجنل کمپس بہاولپور کے زیر اہتمام بہار 2017کے داخلوں کی آگاہی کے سلسلے میں اوپن ڈے منایا گیا ۔تقریب کا اہتمام علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی بہاولپور کمپس کے سبزہ زار میںکیا گیا۔ اس تقریب میں بہاولپور ریجن سے محکمہ تعلیم سے منسلک افراد، آفیسران، ٹیوٹرز، طلبہ اور سول سوسائٹی کے ممبران نے شرکت کی۔

ریجنل ڈائریکٹرخواجہ صابر حسین اور سٹاف ممبران نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی بہاولپور میں آنے والے مختلف وفود کا استقبال کیا۔تمام آنے والے طلبہ اور سول سوسائٹی کے ممبران کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی بہاولپور کمپس میں مہیا کی جانے والی سہولیات کے بارے میںتفصیل سے بتایا گیا ۔

(جاری ہے)

حاضرین کو بتایا گیا کہ اب یونیورسٹی و یڈیو کانفرنس سے اپنے پوسٹ گریجویٹ سٹوڈنٹس کو ورکشاپ کی سہولت دے گی ، ریجنل کمپس کی لائبریری یونیورسٹی کی سنٹرل لائبریری سے منسلک کر دی گئی ہے ڈیجٹل لائبریری سے اب سنٹرل لائبریری کی تمام کتب اور دیگر تعلیمی موا بھی بہاولپور کے طلبہ کی دسترس میں ہوں گیں۔

اس کے علاوہ مختلف ذرائع سے اس لائبریری میں طلبہ کے لیے مختلف حوالہ جاتی کتب اور آڈیو ویڈیو سہولیات فراہم کی جائیں گیں۔ تاکہ ہمارے وہ طلبہ جو تعلیمی ریسرچ سے وابستہ ہیں ان کو ان کے گھر میں سہولیات دی جائیں۔بعد ازں معزز مہمانان گرامی نے بہار 2017 کے داخلوں کے بارے میں اوپن ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب میں طلبہ اور نئے آنے والے لوگوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

اپنے استقبالیہ خطبے میں ریجنل ڈائریکٹرخواجہ صابر حسین نے معزز مہمانوں کو بتایا کہ ا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے اس طرح کی تقاریب کا انعقاد کروانا علاقے کی تعلیمی ترقی میں عمل انگیز کا کام دیتاہے۔ریجنل ڈائریکٹر خواجہ صابر حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بہاولپور ایک علم دوست شہر ہے، اور اس شہر کی اپنی ثقافتی و تعلیمی روایتیں ہیں بہاولپور کمپس سے ضلع بہاولپور، بہاولنگر اور لودہراں کے 30000 سے زیادہ طلبہ کو گھر بیٹھے تعلیم دی جارہی ہے۔

جن میں زیادہ تر تعداد خواتین کی ہے۔ریجن کی مختلف تحصلیوں میں 20 مطالعاتی سنٹرکام کر رہے ہیں 1200سے زیادہ جزوقتی اساتذہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے وابستہ ہیں، طلبہ کے لیی22 امتحانی سنٹر بنائے گئے ہیں۔خواجہ صابر حسین نے بتایا کہ یونیورسٹی میں نئے آنے والے سمسٹر بہار 2017 میں لاکھوں طلبہ داخلہ لے رہے ہیں۔ یونیورسٹی ایم ایڈ پروگرام ایک سال میںمکمل کروا رہی ہے۔

نیز طلبہ کی سہولت کے لیے یونیورسٹی کے داخلہ فارم کی سیل کے لیے اکیس سے زیادہ پوائنٹ بنائے گئے ہیں۔ ریجن کی ہر تحصیل میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے پراسپکٹس دستیاب ہیں اور نئے آنے والے سمسٹر میں پوسٹ گریجویٹ ورکشاپس کا تحصیل کی سطح پر انعقاد کیا جائے گا۔ تاکہ یونیورسٹی کا مقصد "تعلیم آپ کی دہلیز پر " کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

۔ ریجنل کمپس بہاولپور نے 2017 کے داخلوں کی تشہیر کے لیے اپنے طور پر ضلع بہاولنگر، لودھراں میں بھی مہم شروع کی ہے، اس کے لیے ریڈیو پاکستان بہاولپور، FM ریڈیو اور مختلف تعلیمی اداروں کا تعاون شامل حال ہے، شہروں میں مختلف قسم کے بینرز اور پینافلیکس آویزاں کیے گئے ہیں ۔ وفد میں شریک معزز مہمانوں کو تشہیری مہم کے لیے ریجنل کمپس کی طرف سے ڈیزائن کیے گئے مختلف پینافلیکس اور تعارفی بروشر دکھائے گئے۔

جسے معزز مہمانان گرامی نے سراہا۔تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں کومزید بتایاگیا کہ کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ایک وسیع فورم ہے۔ ملک کے طول و عرض میں یونیورسٹی سے لاکھوں طلبہ علم حاصل کر رہے ہیں جن میں زیادہ تر تعداد خواتین کی ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی سرحدیں پاکستان کی سرحدوں سے ملتی ہیں یہ یونیورسٹی قومی وحدت کی علامت ہے اور اس کی تعلیمی سہولتیں ملک گیر ہیں، ہم اپنی منزل کی جانب گامزن ہیں تاکہ ملک میں یکساں ترقی کا ہمار ا خوا ب پورا ہوسکے۔

اب یونیورسٹی کے تمام کمپس انٹرنیٹ کے ذریعے سے مین کمپس سے رابطے میں ہوں گے۔ اور تمام طلبہ کے ان کی دہلیز پرتعلیم دینے کاخواب پورا ہوگا۔جاوید اقبال رانا چیف لائبریرین سنٹرل لائبریری بہاولپور نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ علامہ اقبا ل اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے سنٹرل لائبریری کے دروازے کھلے ہیں عنقریب لائبریری میںیونیورسٹی کے لیے ایک گوشہ مختص کیا جائے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر نواز کاوش نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے وطن عزیز میں نصاب سازی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ، یونیورسٹی کا نصاب نہ صرف اس کے اپنے طلبہ کے لیے بلکہ علم کے رستے کے ہر مسافر کے لیے اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے تحقیق کرنے والوں کے لیے یونیورسٹی کی کتب کو اہم قرار دیا۔شعبہ ابلاغیات ، صحافت اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے ڈاکٹر رانا شہزاد صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی وطن کے طول و عرض میں تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

خطہ چولستان کے لوگ جن کے معاشی وسائل نہیں ، تعلیم حاصل کرنے کے لیے یہ یونیورسٹی ان کے لیے بہترین فورم ہے۔ تقریب سے احمد شاہ، فرزانہ اسلم ،ڈاکٹر پروفیسر زاوار حسین شاہ گورنمنٹ ایس ای کالج بہاولپور، شوکت فرید، ملک محمد اسلم محمد ارشد اور ظفر خاکوانی نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :