پی سی بی نے آئندہ ماہ آئی سی سی کے اجلاس میں اپنا مضبوط کیس پیش کرنے کیلئے مشاورت شروع کر دی ‘ ذرائع

پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے موقع پر پاکستانی شائقین کرکٹ کے جوش و جذبے کو بھی اہم نقطے کے طور پر پیش کیا جائیگا

اتوار 12 مارچ 2017 13:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے آئندہ ماہ ہونے والے اجلاس میں اپنا مضبوط کیس پیش کرنے کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے ،پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے موقع پر پاکستانی شائقین کرکٹ کے جوش و جذبے کو بھی اہم نقطے کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کا اپریل میں ہونے والا اجلاس پاکستان کے لئے خاصی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

اجلاس میں پی ایس ایل فائنل دیکھنے والے سکیورٹی ماہرین اپنی رپورٹ پیش کریں گے اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی اور ورلڈ الیون کی آمد پر فیصلوں کا بھی امکان ہے۔اسی تناظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اجلاس میں اپنے کیس کو انتہائی مثبت اور ٹھوس بنیادوں پر پیش کرنے کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے جس میں سکیورٹی ماہرین سے بھی رائے لی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے موقع پر شائقین کرکٹ کا جوش و خروش دیدنی تھا اور اسے بھی مثبت انداز میں دیکھا جارہا ہے جسکے لئے پی سی بی کے حکام اسے مزید اہم نقطے کے طو رپر پیش کرینگے۔آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک کے مشورے پر پی ایس ایل فائنل دیکھنے کے لئے آئی سی سی کے سکیورٹی ماہرین کے ساتھ انگلینڈ، آسٹریلیا،سری لنکا، بنگلہ دیش اورزمبابوے بورڈ کے عہدیدار بھی آئے تھے۔