کیپٹن (ر) صفدر کا اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس شوکت صدیقی کی جانب سے عشق رسولؐ پر مبنی ریمارکس پر خراج تحسین پیش

جب تک اس طرح کے جج موجود ہیں پاکستان کی نظریاتی سرحدیں محفوظ ہیں ، کوئی انہیں نقصان نہیں پہنچا سکتا،ناموس رسالت پر جان قربان کرنے کے لئے تیار ہیں ‘ سوشل میڈیا پر توہین رسالت پر مبنی مواد پر پارلیمنٹ کی خاموشی افسوس ناک ہے۔ توہین کرنے والے سوشل میڈیا کو بند کیا جائے،پی ٹی اے کے چیئرمین اور وزارت آئی ٹی کیا کر رہی ہے ‘ سائبرکرائم بل پر عملدرآمد نہیں ہو رہا،مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

پیر 13 مارچ 2017 22:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مارچ2017ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت صدیقی کی جانب سے عشق رسولؐ پر مبنی ریمارکس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ جب تک اس طرح کے جج موجود ہیں پاکستان کی نظریاتی سرحدیں محفوظ ہیں اور کوئی انہیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

ناموس رسالت پر جان قربان کرنے کے لئے تیار ہیں ‘ سوشل میڈیا پر توہین رسالت پر مبنی مواد پر پارلیمنٹ کی خاموشی افسوس ناک ہے۔ توہین کرنے والے سوشل میڈیا کو بند کیا جائے۔ پی ٹی اے کے چیئرمین اور وزارت آئی ٹی کیا کر رہی ہے ‘ سائبرکرائم بل پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ۔ پیر کو کیپٹن صفدر ایوان میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

کیپٹن (ر) صفدر نے کہاکہ خورشید شاہ کا احترام کرتے ہیں ان کی ایوان میں واپسی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر توہین رسالت کی جاتی ہے ایک مہم چلائی جا رہی ہے۔ جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی کے ریمارکس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے کہا کہ عشق مصطفی پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے جس وقت تک اس طرح کے جج موجود ہیں اس وقت تک ملک کو کوئی خطرہ نہیں۔ ناموس رسالت پر جان قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ سائبر کرائم پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔

1973ء کے آئین میں اسلام کے خلاف قانون سازی پر پابندی ہے۔ توہین رسالت کرنے والے لعنتی ہیں۔ توہین رسالت ہو تو پارلیمنٹ خاموش ہو میں جذبہ ایمانی جھنجھوڑنے آیا ہوں۔ میر علی شاہ کے کردار کو دہرانے کی ضرورت ہے۔ پی ٹی اے کے چیئرمین ایکشن کیوں نہیں لے رہا۔ وزارت آئی ٹی کیوں خاموش ہے ‘ کیا اس ملک میں خانہ جنگی کروانا چاہتے ہیں۔ …(رانا+ع ع)