تقریروں کی بجائے صدر مملکت کرپشن سے نفرت کی خواہش حکمرانوں تک بھی پہنچائیں‘عبدالعلیم خان

پی ٹی آئی کی وجہ سے ایاز صادق کو اہل لاہور کی یاد آ ہی گئی ، عوام اب کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے‘پارٹی کارکنوں سے گفتگو

اتوار 19 مارچ 2017 18:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2017ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ صرف تقریروںکی بجائے صدر مملکت دوسروں کو نصیحت کرنے سے پہلے کرپشن سے نفرت کی اپنی خواہش کو حکمرانوں تک بھی پہنچائیں اوراگر ان کے اس دعوے میں رتی برابر بھی سچائی ہے تو انہیں پاناما ایشو کے اوپر خود نوٹس لیناچاہیے تھا ،زبانی جمع خرچ کرنے سے کام نہیں چلے گا عمران خان کے دیے ہوئے عوامی شعور سے اب بات بہت آگے نکل چکی ہے اور اب ملکی نظام کو شفاف بنائے بغیر کوئی چارہ نہیں ۔

عبدالعلیم خان نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر پارٹی کارکنوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو ملنے والی عوامی پذیرائی کے باعث سردار ایاز صادق کو آخر کار لاہور میں اپنے حلقے کی یاد آ ہی گئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کس قدر دکھ اور افسوس کی بات ہے کہ2002سے اس حلقے سے ممبر قومی اسمبلی ہونے کے باوجود ایاز صادق نے لوگوں کی مشکلات کے حل کیلئے ایک دھیلے کا کام نہیں کیا اورماضی کی حکومتوں کے ان فلاحی منصوبوں کو بھی فنکشنل نہیں ہونے دیا گیا جو میرے دور وزارت میں شروع ہوئے تھے جن میں میاں میر ہسپتال ،جمیلہ آباد سیوریج منصوبہ اور کچی آبادیوں کے مالکانہ حقوق شامل ہیں ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ بطور سپیکر قومی اسمبلی بھی ایاز صادق اپنے فرائض کی انجام دہی میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں لیکن میاں صاحبان کے درباری ہونے کے ناطے انہیں کسی اور ذمہ داری کی پرواہ نہیں انہوں نے کہا کہ این ای122کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اپنے طور پر فلاحی کاموں کو جاری رکھیں گے ۔اس موقع پر ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا کہ این ای122اور پی پی147میں عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن پلانٹس فری ڈسپنسری ،جہیز اور شادی فنڈز اور لوگوں کے دکھ درد میں شریک ہو کر عبدالعلیم خان نے ثابت کر دیا ہے کہ عوامی خدمت کیلئے انتخابی جیت اور ہار کوئی معانی نہیں رکھتی پی ٹی آئی کے چئیرمین ذوالقرنین ذکی ، مبین کمبوہ،باؤ جاوید،ملک جاوید یوسف،ولیم بھٹی ، حافظ عامر مغل اور محمد علی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔