حب کول پاور پلانٹ کی تکمیل سے مقامی آبادی سمیت 40 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے،منصوبے پر 2 ارب ڈالر لاگت آئے گی،اس سے 9 ارب کلوواٹ بجلی سالانہ پیدا ہوگی جسے قومی گرڈ میں شامل کیا جائے گا،لوگوں کو روزگار کے 10000 کے قریب مواقع فراہم ہوں گے،چینی پاور انٹرپرائز کے چیئرمین وانگ بھنگوا کا انٹرویو

اتوار 26 مارچ 2017 13:50

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) چین نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے تحت کوئلے سے چلنے والے زیر تعمیر حب پاور پلانٹ کی تکمیل سے مقامی آبادی سمیت 40 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار چینی پاور انٹرپرائز کے چیئرمین وانگ بھنگوا نے گزشتہ روز ایک انٹرویو کے دوران کیا۔وانگ بھنگوا نے کہا کہ زیر تعمیر حب کول فائر پاور پروجیکٹ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت انتہائی اہمیت کے حامل منصوبوں میں شامل ہے اور 2019 ء میں اس کی تکمیل کے بعد مقامی آبادی سمیت 40 لاکھ خاندان سستی بجلی سے مستفید ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ اس پلانٹ کی تعمیر کے اخراجات چین کی قومی پاور انوسٹمنٹ کارپوریشن کا ذیلی ادارہ چائنہ پاور انٹرنیشنل لمیٹڈ برداشت کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے پر 2 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔وانگ بھنگوا نے کہا کہ کوئی بھی ملک کسی ایک قسم کی توانائی پر انحصار نہیں کرسکتا اس لیے کول فائر پاور پلانٹس، گیس فیلڈ پاور پلانٹس، شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں، ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی، بائیو انرجی اور توانائی کے دیگر ذرائع سے بھی استفادہ کرنا چاہیے تاکہ توانائی کے حصول کو تحفظ مل سکے۔

پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ وہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبے تعمیر کرے،ہمیں اعتماد ہے کہ ہم پاکستان کو شاندار اور ذمہ دارانہ انداز میں خدمات فراہم کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حب کول فائر پاور پلانٹ کی تعمیر میں ہر قسم کے بین الاقوامی تقاضوں اور معیار کو برقرار رکھا جارہا ہے اور اسے ماحول دوست بنایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ اس پاور پلانٹ کے قریب ایک سیمنٹ فیکٹری کی تعمیر کی منصوبہ بندی کررہے ہیں جس سے پلانٹ سے نکلنے والے فاسد مادے زیر استعمال لائے جاسکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حب کول فائر پاور پروجیکٹ اپنی پیداواری سرگرمیاں اگست 2019 ء تک مکمل طور پر شروع کردے گا۔اس سے قریبا 9 ارب کلوواٹ بجلی سالانہ پیدا ہوگی جسے قومی گرڈ میں شامل کیا جائے گا۔اس کی تعمیر کے دوران مقامی آبادی کو روزگار کے 10000 کے قریب مواقع فراہم ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :