وزیراعظم کا رمضان میں لوڈشیڈنگ کم سے کم کرنے اور بجلی کے نرخوں سے متعلق معاملات فوری حل کرنے کا حکم

ترجیحی منصوبوں سے متعلق انتظامی اور قانونی امور نمٹائے جائیں،ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن پرکام کی رفتار تیز کی جائے اورمختلف ذرائع سے بجلی کی پیداوار اور کارکردگی کا تقابلی جائزہ لیا جائے،تقابلی جائزہ لے کرتوانائی کی کابینہ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں آگاہ کیا جائے،نوازشریف کا توانائی کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب بجلی کی ترسیلی نظام کی استعداد میں اضافہ بے مثال ہے،ترسیل کی استعداد نئے پیداواری منصوبوں کی پیش نظر رکھ کر بڑھائی گئی،نئے منصوبوں سے بجلی کی پیداوار اگلے 9ماہ میں مرحلہ وار شروع ہوگی،سیکرٹری پانی وبجلی

پیر 24 اپریل 2017 18:57

وزیراعظم کا رمضان میں لوڈشیڈنگ کم سے کم کرنے اور بجلی کے نرخوں سے متعلق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اپریل2017ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کم سے کم کرنے اور بجلی کے نرخوں سے متعلق معاملات فوری حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترجیحی منصوبوں سے متعلق انتظامی اور قانونی امور نمٹائے جائیں،ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن پرکام کی رفتار تیز کی جائے اورمختلف ذرائع سے بجلی کی پیداوار اور کارکردگی کا تقابلی جائزہ لیا جائے،تقابلی جائزہ لے کرتوانائی کی کابینہ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں آگاہ کیا جائے ۔

پیر کو وزیراعظم کی زیرصدارت توانائی کابینہ کمیٹی کا مسلسل تیسرا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری پانی و بجلی نے موجودہ لوڈمینجمنٹ پلان پر بریفنگ دی۔انہوں نے اجلاس کو جاری اور مستقبل کے توانائی منصوبوں پر عملدرآمد سمیت شرکاء کو بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے مطابق 132کے وی کی ترسیل کی استعداد میں 9625میگاواٹ کا اضافہ ہوا،گیارہ کے وی ترسیلی نظام میں 2004میگاواٹ کی استعداد بڑھی۔

سیکرٹری پانی و بجلی نے بتایا کہ بجلی کی ترسیلی نظام کی استعداد میں اضافہ بے مثال ہے،ترسیل کی استعداد نئے پیداواری منصوبوں کی پیش نظر رکھ کر بڑھائی گئی،نئے منصوبوں سے بجلی کی پیداوار اگلے 9ماہ میں مرحلہ وار شروع ہوگی۔چیئرمین واپڈا نے داسو،دیامربھاشا اور مہمند ڈیم سمیت پن بجلی منصوبوں پر بریفنگ دی۔اجلاس میں وزیراعظم نے رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ کم سے کم کرنیکی ہدایت کی اور بجلی کے نرخوں سے متعلق معاملات فوری حل کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کو پیشگی نرخوں سے متعلق امور حل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نیپرا کے ساتھ توانائی منصوبوں کے پیشگی نرخ طے کیے جائیں،ترجیحی منصوبوں سے متعلق انتظامی اور قانونی امور نمٹائے جائیں،ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن پرکام کی رفتار تیز کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بجلی ترسیل کے دیگر چھوٹے منصوبوں کو بھی تیزی سے مکمل کیا جائے،مختلف ذرائع سے بجلی کی پیداوار اور کارکردگی کا تقابلی جائزہ لیا جائے،تقابلی جائزہ لے کرتوانائی کی کابینہ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں آگاہ کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے کثیرالجہتی منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے،صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی ہمارا ہدف ہے،حکومت تھرمل پاور پراجیکٹس سے پیداوار پر بھی توجہ دے رہی ہے،پن بجلی کی پیداوار میں کمی کے دوران تھرمل یونٹس بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ اجلاس میں وزیر پٹرولیم اور قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف ، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی ۔…(خ م)