برادر ممالک ہمیں چھوٹے بھائی کی حیثیت سے دیکھیں ،

سابق قطری وزیراعظم حمد بن جاسم جو کچھ ہوا اس نے دوحہ کی غیر جانب داری کو نقصان پہنچایا اور جس انداز سے بائیکاٹ کی میڈیا کوریج ہوئی قطر اس کا عادی نہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس معاملے کو منصفانہ طور پر دیکھیں،امریکی ٹی وی کو انٹرویو

پیر 19 جون 2017 15:02

برادر ممالک ہمیں چھوٹے بھائی کی حیثیت سے دیکھیں ،
دوحہ /واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2017ء) قطر کے سابق وزیر اعظم اور سابق وزیر خارجہ شیخ حمد بن جاسم آل ثانی نے زور دیا ہے کہ سعودی عرب ، امارات اور بحرین کو چاہیے کہ وہ قطر کو چھوٹے بھائی اور ایک چھوٹی ریاست کے طور پر دیکھیں۔امریکی ٹی وی "سی این این" کو دیے گئے انٹرویو میں شیخ حمد نے کہا کہ جو کچھ ہوا اس نے دوحہ کی غیر جانب داری کو نقصان پہنچایا اور جس انداز سے بائیکاٹ کی میڈیا کوریج ہوئی قطر اس کا عادی نہیں۔

(جاری ہے)

قطر کے سابق وزیر خارجہ کی جانب سے گفتگو کے دوران یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ ان کا ملک ابھی تک خلیجی نظام کا حصہ ہے۔شیخ حمد بن جاسم نے ان نقصانات پر روشنی ڈالی جن کا سامنا قطر کو دہشت گردی سے تعلق کے انکشافات کے بعد اس وقت کرنا پڑ رہا ہے۔انٹرویو میں شیخ حمد نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیغام دیتے ہوئے اس معاملے کو منصفانہ طور پر دیکھنے کا مطالبہ کیا۔ قطر کے سابق وزیر خارجہ یہ بھول گئے کہ ان کے ملک کا اختلاف واشنگٹن کے ساتھ نہیں بلکہ ان تین ممالک کے ساتھ ہے جن کو قطر نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران انٹیلی جنس اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے نقصان پہنچایا۔