ایرا کے ڈپٹی چیئرمین کی زیرصدارت اجلاس‘ آزاد جموں و کشمیر اور خیبرپختونخوا کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں جاری تعمیرنو کے منصوبہ جات پر کام کی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال

جمعہ 7 جولائی 2017 19:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2017ء) ایرا کے ڈپٹی چیئرمین بریگیڈیئر ابوبکر امین باجوہ کی زیرصدارت ایرا ہیڈ کواٹرز میں ماہانہ ریویو اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر اور خیبرپختونخوا کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں جاری تعمیرنو کے منصوبہ جات پر کام کی پیشرفت اور ان کی روشنی میں نئے مالی سال کی منصوبہ بندی کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیرا کے ڈائریکٹر جنرل نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ ویمن ڈویلپمنٹ سینٹر ایبٹ آباد کا کام 94 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ ایبٹ آباد میں ہی تعمیر ہونے والے بینائی سے محروم افراد کے سکول کا کام 84 فیصد مکمل کیا جا چکا ہے، یہ منصوبہ جات اگلے چند ماہ میں مکمل کر لئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین ایرا نے نیسپاک اور پیرا کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتہ میں اجلاس منعقد کیا جائے جس میں تاخیر کا شکار منصوبہ جات کی نشاندہی کی جائے اور ان منصوبہ جات کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔

سیرا کے ڈائیریکٹر جنرل نے آزاد کشمیر میں جاری منصوبہ جات پر مجموعی پیشرفت کے متعلق بتایا کہ اب تک 5289منصوبہ جات مکمل کئے جا چکے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین ایرا نے سیرا اورایرا کے عہدیداروں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ فوری ایک اجلاس منعقد کیا جائے جس میں ان منصوبہ جات پر زیادہ توجہ مرکوز کی جائے اور ان کو جلد از جلد مکمل کیا جائے جن منصوبہ جات پر80فیصد سے زائد کام مکمل کیا جا چکاہے تاکہ 2017-18ء کیلئے تجویز کردہ فنڈز کو مؤثر اندز میں استعمال کیا جا سکے۔ آخر میں ڈپٹی چیئرمین ایرا نے اجلاس کے شرکاء کو شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :