عالم اسلام کو اسلامی تہذیب کی علامتیں مٹانے پر بھارت کا بائیکاٹ کرنا چاہیے ، مشعال ملک

بدنام زمانہ نریندر مودی رام مندر کے افتتاح کو اپنے سیاسی فائدے کیلئے استعمال کر رہے

منگل 23 جنوری 2024 14:57

عالم اسلام کو اسلامی تہذیب کی علامتیں مٹانے پر بھارت کا بائیکاٹ کرنا ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2024ء) انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے ایودھیا میں شہید کی گئی پانچ صدیوں پرانی بابری مسجد کے مقام پر رام مندر کا افتتاح کرنے پرآر ایس ایس کے ہندو بالادستی کے نظریہ سے متاثر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کی ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال حسین ملک نے نریندر مودی کی طرف سے رام مندر کا افتتاح کرنے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عالم اسلام سے بھارت میں اسلامی تہذیب کے تمام آثار اور علامتیں مٹانے پر بھارت کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی ۔انہوں نے کہا کہ بدنام زمانہ نریندر مودی رام مندر کے افتتاح کو اپنے سیاسی فائدے کیلئے استعمال کر رہے ہیں کیونکہ ان کی اقلیت دشمن پالیسیوں اور ریاستی کارروائیوں کی وجہ سے ان کی مقبولیت میں خطرناک حد تک کمی ہوئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں ہندو اور مسلمان صدیوں سے امن کے ساتھ رہتے تھے لیکن جب سے نریندر مودی برسر اقتدار آئے ہیں مسلمانوں کوجان و مال کے خطرے کے علاوہ شدید مشکلات کا سامنا ہے اورانکے مذہبی مقامات کا منہدم کیاجارہاہے۔مشعال ملک نے واضح کیاکہ بھارت اور اسرائیل اس وقت دنیا کے دو بڑے دہشت گرد ملک ہیں جو اسلام کے خلاف بدترین دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں سینکڑوں مساجد کو تباہ کیا جبکہ آر ایس ایس سے متاثر بی جے پی حکومت 2014سے بھارت میں مسلم یا اسلامی تہذیب کی تمام علامتیں مٹارہی ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ عالم اسلام کو اس افسوسناک صورتحال پر خاموش تماشائی نہیں بنارہنا چاہیے بلکہ نریندر مودی کے خلاف اجتماعی اور ٹھوس اقدامات کرنے چاہیں جو بھارت سے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو مٹانے پر تلا ہوا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کوبھی مودی حکومت کی ظالمانہ اور نسل کشی کی پالیسیوں اور اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے ۔