وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی ہدایت اور کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی کی خصوصی دلچسپی سے لسبیلہ کینال کے سیلاب متاثرہ حصوں کی جنگی بنیادوں پر مرمت وبحالی کا کام مکمل اور ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے حب ڈیم سے لسبیلہ کینال کو پانی کی سپلائی بحال کردی گئی ہے

پیر 10 جولائی 2017 23:46

وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی ہدایت اور کمشنر قلات ..
کوئٹہ۔10جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2017ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی ہدایت اور کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی کی خصوصی دلچسپی سے لسبیلہ کینال کے سیلاب متاثرہ حصوں کی جنگی بنیادوں پر مرمت وبحالی کا کام مکمل اور ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے حب ڈیم سے لسبیلہ کینال کو پانی کی سپلائی پیر کے روز سے بحال کردی گئی ہے کمشنر قلات ڈویژن اور ضلعی انتظامیہ ڈپٹی کمشنر لسبیلہ محکمہ ایریگیشن اور محکمہ کے افسران کی شب وروزمحنت کی بدولت حب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو پانی کی فراہمی شروع ہونے پر عوامی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کمشنر قلات ڈویژن جو گزشتہ ایک ہفتے سے سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کے کاموں کی خودمانیٹرنگ جاری رکھے ہوئے ہیں پیر کے روز انھوںنے پی ایچ ای کے سیلاب سے متاثرہ تالاب کی صفائی کے کاموں کا جائزہ لینے کے لئے دورہ اور معائنہ کیا ، ایکسئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سرور مینگل اور ایس ڈی او محمد طارق موندرہ نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حب ڈیم سے لسبیلہ کینال کو پانی کی فراہمی بحال ہونے کے بعد محکمہ پی ایچ ای نے مشینری کے ذریعے حب شہر کو پانی کی سپلائی دوبارہ بحال کردی ہے اور سیلاب سے متا ثرہ علاقوں جنگی خان گوٹھ ، ساجدی گوٹھ پتھر کالونی اور گڈانی کو واٹر ٹینکر ز کے ذریعے پانی فراہم کیا جارہا ہے انھوںنے بریفنگ میں بتایا کہ حالیہ طوفانی بارشوں سے پی ایچ ای کے تالاب کی باوئنڈری وال گرنے سے سیلابی ریلہ اور کیچڑ تالاب میں جمع ہونے سے پانی ناقابل استعمال اور تالاب کو نقصان پہنچا ہے ، جدید مشینری کے ذریعے تالاب سے ایک کروڑ گیلن سے زائد گندہ پانی نکالاجاچکا ہے اور تالاب کی صفائی کا کام آئندہ چند روز میں جلد مکمل کیا جائیگا کمشنر قلات ڈویژن نے محکمہ پی ایچ ای کی کارکردگی کوسراہتے ہوئے کہا کہ افسران اسی طرح اگر عزم اور لگن سے کام جاری رکھیں تو عوامی مسائل کا حل اور گڈگورننس کے قیام میں کوئی چیز حائل نہیں ہوسکتی ، کمشنر نے کہا کہ حالیہ سیلاب اور قدرتی آفات کے موقع پر تمام متعلقہ سرکاری اداروں،پی ڈی ایم اے، ایف سی پاک نیوی ، پاکستان کوسٹ گارڈ نے ریسکیو اور یلیف آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کی زیرنگرانی جس طرح خدمات سرانجام دیں اسی جذبے اور کمٹمنٹ سے انشاء اللہ سیلاب ذدگان کی بحالی کا کام بھی جلد پایہ تکمیل کو پہنچایا جائیگا ۔