حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی پر خودکش حملہ ،

میجر سمیت 3 اہلکار شہید ، 2 خواتین سمیت 7 افراد زخمی

پیر 17 جولائی 2017 11:56

حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی پر خودکش حملہ ،
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جولائی2017ء) فرنٹیئر کور کی گاڑی پر خودکش حملے میں میجر سمیت 3سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ دو خواتین سمیت7زخمی ہوگئے‘ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے حملے کی تفصیلات طلب کرلیں۔ پیر کو پشاور کے علاقے حیات آباد باغ ناران کے قریب دھماکہ ہوا جس میں سکیورٹی فورسز کے میجر سمیت 3سکیورٹی اہلکار شہید اور دو خواتین سمیت سات زخمی ہوگئے۔

ایس پی کینٹ عمر ملک کے مطابق دھماکہ سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہوا۔ ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔زخمی ایف سی اہلکاروں کی شناخت امیر جان شرافت شاہد احمد شاہ اور ہمایوں کے ناموں سے ہوئی ہے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے ۔

(جاری ہے)

جنہیں کمبائنڈ ملٹری اسپتال پشاور میں طبی امداد دی جارہی ہے جبکہ دیگر زخمی حیات آباد میں زیر علاج ہیں۔

پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ خودکش حملہ تھا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی انہوں نے ایف سی کے جوانوں کے حوصلے کو سراہتے ہوئے واقعے کی تفصیلات طلب کرلیں۔