پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گا ‘ سید بلال شیرازی

کرپشن کے خلاف فیصلہ کرپشن سے پاک معاشرہ کی ابتدا ہے ،سیاست میں کرپشن ناقابل برداشت ہے‘ مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر کا ردعمل

جمعہ 28 جولائی 2017 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 جولائی2017ء) مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ ملکی سیاست میں اہم کردار ادا کرے گا،کرپشن کے الزامات پر وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی نااہلی ابتدا ہے پانامہ کے بعد اقامہ کیس میں بھی کئی نااہلیاں سامنے آئیں گی ،وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی نااہلی کے باعث موجودہ حکومت کے برسراقتدار رہنے کا جواز ختم ہوگیا ہے اس لیے فی الفور مڈٹرم الیکشن کروائے جائیں اور عوامی عدالت میں جایا جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ ہائوس میں یوتھ ونگ کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے معزز ججز اور جے آئی ٹی کے ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوںنے ڈرانے دھمکانے کے باوجود اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور جرات سے انجام دیں اور حکومتی عہدیداروں کی کرپشن بے نقاب کی اور پوری قوم کو اس سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سپریم کورٹ کے فل بنچ کا فیصلہ متفقہ طور پر سامنے آیا ہے اس لیے اس کو پوری قوم تسلیم کرتی ہے ۔نواز شریف کو خوشامدی وزراء اور درباریوں نے مروایا جنہوںنے میں نہ مانوں کی پالیسی اختیار کیے رکھی اور جارحانہ رویہ اختیار کیا۔سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد اب لوٹی ہوئی دولت برآمد کرکے ملک واپس لائی جائے گی۔