قوم جشنِ آزادی منانے کیلیے کرپشن فری پاکستان کی منتظر ہے، الطاف شکور

اتوار 13 اگست 2017 22:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 اگست2017ء) پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کہا ہے کہ قوم جشنِ آزادی منانے کے لیے کرپشن فری پاکستان کی منتظر ہے ۔کرپشن کے خلاف مہم کو زور و شور کے ساتھ جاری رہنا چاہیے ۔ بڑے بڑے جو مگر مچھ جال میں پھنس رہے ہیں ، ان کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جانا چاہیے۔ خاندانی سیاست اور وڈیرہ شاہی کا خاتمہ پوری قوم کی متفقہ آواز ہے ۔

جشن آزادی منانے کا مزہ تب آئے گا جب اسمبلیوں کو سرمایہ داروں ، جاگیرداروں ،وڈیروں ، لٹیروں اور لوٹوں سے ہمیشہ کے لئے پاک صاف کردیا جائے گا ۔کب تک قوم مریم نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی جوتیاں سیدھی کرتی رہے گی پاسبان میدان سیاست میں مظلوم عوام کے لئے اُمید کی کرن ہے ۔ عوام ادھوری آزادی کو مکمل آزادی میں بدلنے کے لئے پاسبان کا ساتھ دیں ۔

(جاری ہے)

وہ پاسبان پبلک سیکریٹریٹ کراچی میں پاسبان کراچی کے عہدیداران اور ملاقات کے لئے آئے ہوئے عوامی وفود سے گفتگو کر رہے تھے ۔ الطاف شکور نے کہا ہے کہ حکمران اور سیاستدان یوم آزادی پر اپنے پیغامات اور اشتہارات شائع کرتے ہیں لیکن جب ان پر عمل کا موقع آتا ہے تو سب سے پہلے اپنے مفاد ،اپنی جیب اوراپنے بینک بیلنس کو دیکھتے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ ہر طرف کرپشن کے پہاڑ نظر آرہے ہیں ۔

کرپشن اور خاندانی سیاست ختم کرنے کا یہ سنہری موقع ہے جو اگر ضائع ہوگیاتو پھر ہاتھ نہیں آئے گا ۔ قائد اعظم ؒ ، علامہ اقبال ؒ، لیاقت علی خانؒ ، سردار عبدالرب نشتر ؒاور دیگر بانیان پاکستان نے ہزاروں قربانیوں اور لازوال جدوجہد کے بعد ہمیں پاکستان دیا ۔ اس پاکستا ن کو کرپشن سے پاک کرنے کے راستہ میںبے شمار رکاوٹیں ہیں ، ابھی مزید آگ اور خون کے دریا عبور کرنے ہیں ۔ جن کے مفادات پر ضرب لگ رہی ہے وہ یقینا تڑپیں گے اور شور مچائیں گے ، سیاسی شہادت حاصل کرنے کے لئے ہر حد سے گزر جائیں گے لیکن انشاء اللہ ملک لوٹنے والوں اور جعلی طور پر اپنے منہ پاک صاف بننے والوں کو شکست فاش ہوگی۔ #

متعلقہ عنوان :