ملک کی حفاظت کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ،مشتاق احمد خان

ملک اسلام کے نام پر بنا لیکن اس میں آج تک اسلام نافذ نہ ہوسکا، ستر سال سے کرپٹ طبقہ پاکستان کی ترقی کے راستے میں روڑے اٹکا رہا ہے، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ

منگل 15 اگست 2017 23:22

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اگست2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا وطن ہے، یہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے، دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو نہیں مٹا سکتی، پاکستان اللہ کی رحمت کا مظہر ہے، اس کی حفاظت کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔یہ ملک اسلام کے نام پر بنا لیکن اس میں آج تک اسلام نافذ نہ ہوسکا۔

ستر سال سے کرپٹ طبقہ پاکستان کی ترقی کے راستے میں روڑے اٹکا رہا ہے۔ ان کرپٹ حکمرانوں نے اس ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ حقیقی آزادی کے لئے ان کرپٹ حکمرانوں سے جان چھڑانا ضروری ہے۔ جماعت اسلامی نے پاکستان کی سالمیت اور حفاظت کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ بنگلہ دیش میں آج بھی جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسیوں پر لٹکایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

وطن کی محبت اور اس کی حفاظت کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکزالاسلامی پشاور میں وطن عزیز کی سترویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ ایک سادہ تقریب اور جمعیت طلبہ عربیہ ضلع پشاور کے زیر اہتمام آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مرکز اسلامی کے کارکنان، آغوش الخدمت اور جامعہ حدیقة العلوم کے طلبہ ، اساتذہ اور انتظامیہ نے شرکت کی۔

تقریب میں صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت اللہ، انتخاب خان چمکنی،شیخ الحدیث مفتی غلام الرحمن، مفتی ڈاکٹر منور شاہ، سیکرٹری اطلاعات سید جماعت علی شاہ، جمعیت طلبہ عربیہ کے صوبائی منتظم حافظ شمشیر شاہد، مولانا خلیل اللہ چترالی اور جماعت اسلامی فاٹا کے سیکرٹری اطلاعات محمد جبران سنان بھی شریک تھے۔اس موقع پر مشتاق احمد خان نے پرچم کشائی کی اور پاکستان کا پرچم لہرایا۔

تقریب میں پاکستان کی سترویں سالگرہ پر مشتاق احمد خان نے کارکنان کو مٹھائی کھلائی اور پاکستان زندہ باد، پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ، جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ لاکھوں افراد نے اسلامی نظام کے نفاذ کی خاطر ہندوستان سے ہجرت کی لیکن پاکستان میں اسلامی نظام نافذ نہ ہوا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان بدامنی، لاقانونیت، دہشت گردی ، بے روزگاری اور لوڈ شیڈنگ سمیت بہت سے دیگر مسائل کا شکار ہے۔

ستر سالوں سے حکمران اس ملک کو صرف لوٹتے آئے ہیں۔ ترقی کے نام پر عوام کو سبز باغ دکھانے والے عبرتناک انجام سے دوچار ہوں گے۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام میں مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ملک ہے، اس کا دفاعی نظام ناقابل تسخیر ہے، پاکستان کے بہترین مسلح افواج کی موجودگی میں اسے امریکہ یا مودی سے نہیں بلکہ ایسے حکمرانوں سے ہے جو نظریہ پاکستان کے خلاف ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے۔ وطن عزیز کا دفاع ہم سب پر فرض ہے۔ جماعت اسلامی وطن عزیز کے دفاع کسی قسم کا دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔

متعلقہ عنوان :