جے آئی یوتھ لاہور کے انٹرا پارٹی الیکشن کے دوران جماعت اسلامی اورجے آئی یوتھ کے قائدین کا مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ

اتوار 20 اگست 2017 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2017ء) جے آئی یوتھ لاہور کے انٹرا پارٹی الیکشن کے دوران امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد ، جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر گوندل ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم اور شاہد نوید ملک اور دیگر قائدین نے لاہور میں قائم مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا ۔تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی لاہور اور جے آئی یوتھ کے رہنمائوں نے مراکہ ، مانگا منڈی ، رائے ونڈ ، منصورہ ، سمن آباد ، شاد باغ اور دیگر علاقوں اور یونین کونسلوں کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے پولنگ اسٹیشنوں کے انتظامات کا جائزہ لیا اور نوجوانوں سے ملاقاتیں کیں اس موقع پر نوجوانوں کا جوش اور ولولہ قابل رشک تھا ۔ان رہنمائوں نے ان پولنگ اسٹیشنوں پر دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے ذریعے نوجوانوں میں جدو جہد ، انتخابات لڑنے کا طریقہ کار ، ووٹ کے اندراج ، اپنے اندر سے لیڈر شپ کا چنائو اور الیکشن ماحول کے بارے میں شعور و آگاہی حاصل ہوئی ۔

(جاری ہے)

اس سرگرمی اور ممبر شپ کے ذریعے لاکھوں نوجوان جے آئی یوتھ میں شامل ہوئے ہیں جماعت اسلامی ان نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل کے حل کے لیے بھر پور کوشش کریگی ۔ انشاء اللہ ان نوجوانوں میں سے ہی ملک و قوم کو تعلیم یافتہ ، دیانتدار اور باصلاحیت قیادت میسر آئے گی ۔