برما میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی پر عالمی سطح پر مسلم ریاستوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے،علی زیدی

برما کے مسلمان مدد کے لئے مسلم ممالک اور اقوام متحدہ کی جانب دیکھ رہے ہیں،عمران اسماعیل حکومت پاکستان اور وزراء کی جانب سے برما کے مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموشی قابل مذمت ہے،فردوس شمیم نقوی

بدھ 6 ستمبر 2017 22:09

برما میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی پر عالمی سطح پر مسلم ریاستوں کی خاموشی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما عمران اسماعیل ،علی زیدی اور فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ برما میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی پر عالمی سطح پر مسلم ریاستوں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔ برما میں اب تک ہزاروں کی تعداد میں مسلمانوں کا قتل عام ہوچکا ہے اور برما کے مسلمان سمندر اور جنگلات میں اپنی جان بچانے کے لئے چھپے ہوئے ہیں اورمدد کے لئے مسلم ممالک اور اقوام متحدہ کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

مسلم امہ اور اقوام متحدہ کو برما کے مسلمانوں پر برمی فوج کے انسانیت سوز مظالم کو رکوانے کے لئے اہم کردار ادا کر نے کی ضرورت ہے۔ یہ باتیں انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر تحریک انصاف کی جانب سے برما کے مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عمران اسماعیل، کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی ، رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان، سیف الرحمان خان، سعید آفریدی، آفتاب جہانگیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

رہنمائوں نے مزید کہاکہ حکومت پاکستان اور وزراء کی جانب سے برما کے مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموشی قابل مذمت ہے ۔ اس وقت پاکستان کے حکمرانوں کو برما کے مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کرنی چاہئے۔ حکومت پاکستان برما کے مسلمانوں کی نسل کشی پر اپنا واضح موقت دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برما میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے انسانیت سوز مظالم پر دل خون کے آنسو رتا ہے۔نام نہاد عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں سوائے اخباری بیانات کے کچھ اور کرتے دکھائی نہیں دے رہیں ۔ اب اقوام متحدہ اور او آئی سی کو چاہئے کہ برمامیں مسلمانوں کی نسل کشی اور ظلم و بربریت کو روکنے کے لئے فوری نوٹس لیں تاکہ مزید جانوںکا نقصان ہونے سے بچا جاسکے۔