18اکتوبرکو ہونیوالی ختم نبوت ؐ کانفرنس تاریخی ہوگی ، جماعت اسلامی شعائر اسلام کے تحفظ کی علمبردار ہے، لبرل پاکستان اسلامی اساس کیخلاف کوششوں کی مزاحمت کریں گے،عوام این اے فور میں اسلام واصل فاروق کو ووٹ دیں

وفاقی اور صوبائی حکومتیں این اے فور میںسرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان کا اخون آباد میں منعقدہ جلسہ سے خطاب

منگل 17 اکتوبر 2017 20:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 اکتوبر2017ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ 18اکتوبر کو ہونے والی ختم نبوت ؐ کانفرنس تاریخی ہوگا۔ جماعت اسلامی اسلام اور شعائر اسلام کے تحفظ کی علمبردار جماعت ہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور اس کی بقاء اسلامی نظام میں ہے، سیکولرز اور لبرلز کی پاکستان کے اسلامی اساس کے خلاف کوششوں کی مزاحمت کریں گے اور ان کے خلاف ہر محاذ پر لڑیں گے، عوام این اے فور میں اسلام اور نظریہ پاکستان کے علمبردار امیدوار واصل فاروق چمکنی کو ووٹ دیں ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں این اے فور میںسرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کررہے ہیں، گیس پائپ لائن، بجلی کے ٹرانسفارمرز اور سولر پینلز سمیت عوام کو ورغلانے کے لئے مختلف حربے استعمال کئے جارہے ہیں،نوکریوں اور پیسوں کے ذریعے ضمیر کی بولیاں لگائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے اس غیر قانونی عمل کا نوٹس لے۔ حکمرانوں نے قوم کی دولت لوٹ کر سوئٹزر لینڈ اور پانامہ کے بنکوں میں چھپائی ۔ حکمرانوں سے لوٹی ہوئی دولت واپس لے کر خزانے میں جمع کریں گے۔ وہ منگل کو این اے فور کی انتخابی مہم دوران اخون آباد میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسہ سے جماعت اسلامی کے این اے فور کے امیدوار واصل فاروق خان چمکنی، شیرزمان خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی عقیدہ ختم نبوت ؐ اور ناموس رسالت کی پاسبان اور محافظ ہے۔ ہم کسی کو عقیدہ ختم نبوتؐ اور تحفظ ناموس رسالت کے قوانین ساتھ چھیڑ چھاڑکی اجازت نہیں دے سکتے۔قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے مؤثر احتجاج پر حکومت نے عقیدہ ختم نبوت ؐ کی شق میں تبدیلی واپس لی، شق کی تبدیلی کو کلیریکل غلطی کہنا معاملے کو دبانے کے مترادف ہے۔

عقیدہ ختم نبوت ؐہمارے ایمان کا حصہ ہے ، جماعت اسلامی 18اکتوبر کو پشاور میں جمیل چوک کے قریب ختم نبوتؐ کانفرنس منعقد کررہی ہے۔ پشاور کے عوام جوک در جوک اس کانفرنس میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ این اے فور کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہیں، پچھلی حکومتوں نے اس حلقے اور عوام کو یکسر نظر انداز کردیا تھا جس کی وجہ سے یہ حلقہ محرومیوں کا شکار ہے۔

گزشتہ ادوار میں یہاں سے کامیاب ہوکر اس حلقے کے عوام کو بھولنے والے کس منہ سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ این اے فور کے عوام ان سیاسی مداریوں کو ووٹ کی طاقت سے دوبارہ اپنے اوپر مسلط نہ کریں۔ جماعت اسلامی نے این اے فور میں واصل فاروق کی شکل میں دیانتدار اور نوجوان لیڈر کو میدان میں اتارا ہے۔ عوام کو قوم کا پیسہ لوٹنے والوں ،عقیدہ ختم نبوت ؐکے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والوں، روٹی کپڑے اور مکان کے نام پر ان سب چیزوں سے محروم کرنے والوں اور تبدیلی کے نام پر پاکستان میں بے حیائی پھیلانے والوں کو ووٹ دینے کے بجائے واصل فاروق کو ووٹ دیں۔

واصل فاروق ہی این اے فور کے عوام کا حقیقی نمائندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ستر سال سے عوام کو محرومیوں ، بدامنی، دہشت گردی اور لاقانونیت کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے قوم کی دولت لوٹ کر سوئیس بنکوں میں جمع کی اور عوام کے پیسوں پر عیش کیا۔ جماعت اسلامی ان عیاش اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے، عوام اس جدوجہد میں جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں۔