کاشتکار خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا،کسانوںکی فلاح کیلئے تاریخ ساز اقدامات کیے ہیں ‘شہبازشریف

حکومت نے شہبازشریف کی زیر قیادت ہمارے بے شمار مسائل حل کیے ہیں،کھادوں پر سبسڈی کا کاشتکار کو بے پناہ فائدہ ہوا ہے‘خالد کھوکھر کسانوں کیلئے اربوں روپے کے تاریخی کسان پیکیج پرہماری آئندہ نسلیں آپ کی احسان مند رہیںگی‘چوہدری انور زرعی ٹیوب ویلوں پر ساڑھی14ارب روپے کی سبسڈی دی ہے،پونے 2لاکھ کسانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے گئے ہیں کسان میرے بھائی ہیں،ان کے مسائل ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں، آئندہ بھی ان کے مفادات کا تحفظ کرینگے کاشتکاروں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے دھرنے دینا زیب نہیں دیتا، دھرنوں سے فائدہ نہیں بلکہ ملک و قوم کا ہمیشہ نقصان ہوا ہے ْشوگر ملوں کو کرشنگ سیزن جلد شروع کرنے کا پابند بنایا جائے گا،کسی کو کسان کا خون نہیں چوسنے دوں گا،کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت،کمیٹی صوبائی وزراء اورمتعلقہ سیکرٹریزپر مشتمل ہوگی، بجلی کے بلوں کے بقایا جات کے حوالے سے کاشتکاروں کے نمائندوں کی وفاقی وزیر پانی و بجلی سے ملاقات کرائی جائیگی‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعہ 27 اکتوبر 2017 19:09

کاشتکار خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا،کسانوںکی فلاح کیلئے تاریخ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کسان ا تحادکے خالد کھوکھر گروپ اور چوہدری انور گروپ کے وفودنے الگ الگ ملاقات کی،جن میں کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔خالد کھوکھر گروپ اورچوہدری انور گروپ نے کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔

کسان اتحاد(کھوکھرگروپ)کے صدر خالد کھوکھر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیر قیادت ہمارے بے شمار مسائل حل کیے ہیں ۔کھادوں پر دی گئی سبسڈی کا کاشتکار کو بے پناہ فائدہ ہوا ہے ۔انہوںنے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف اور پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کسانوں کی ترقی اورخوشحالی کیلئے جو تاریخ ساز اقدامات اٹھائے ہیں ملک کی 70سالہ تاریخ میں اس کی کوئی اور مثال موجود نہیں ۔

(جاری ہے)

آپ کی حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات کے باعث کاشتکاروں میں اعتماد پیدا ہوا ہے ۔آپ کی حکومت کے بے مثال اقدامات سے زراعت کی ترقی اورچھوٹے کاشتکار کی خوشحالی پراچھے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔کسان اتحاد(انورگروپ)کے صدرچوہدری انور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے آپ کے اقدامات بے مثال ہیں۔کسان آپ کے ساتھی ہیں اورآپ کے خیرخواہ ہیں۔

انہوںنے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کسانوں کیلئے تاریخی کسان پیکیج دیاہے اور اربوں روپے کے کسان پیکیج پرہماری آئندہ نسلیں آپ کی احسان مند رہیںگی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کسان اتحاد کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکار میرے بھائی ہیں اوران کے مفادات بے مقدم ہے ۔کاشتکار خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگااوراسی مقصد کے پیش نظرپاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے کاشتکاروں کی فلاح اورزرعی شعبے کی ترقی کیلئے انقلابی نوعیت کے اقدامات کیے ہیں۔

زرعی ٹیوب ویلوں پر حکومت ساڑھی14ارب روپے کی سبسڈی دے چکی ہے جبکہ پونے 2لاکھ کسانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے گئے ہیں اور بلاسودقرضے حاصل کرنیوالوں میں70فیصد ایسے کاشتکارہیں جنہیں پہلی بار یہ قرض ملا ہے۔انہوںنے کہاکہ کھادوں پر اربوں روپے کی سبسڈی دے کر کسان کو اس کا حق دیاگیا ہے اورپہلی مرتبہ پوٹاش پر سبسڈی دی گئی ہے جبکہ 11اضلاع میں جپسم پر سبسڈی فراہم کی جارہی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں ایسے انقلابی کسان پیکیج کی کوئی مثال موجود نہیں اوراس کسان پیکیج پر عملدر آمد سے صوبے میں سبز انقلاب برپا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ دیہی علاقوں میں 85ارب روپے کی لاگت سے دیہی سڑکوں کی تعمیرومرمت کی گئی ہے اوردیہی سڑکیں کارپٹڈ ہونے سے دیہی آبادی کو بے پناہ فائدہ ہوا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے وسائل کاشتکاروں کو دے کر ان کی حقیر خدمت کی ہے۔

کسانوں کے مسائل ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کئے ہیں اور آئندہ بھی ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی کاوشوں کے باعث لوڈشیڈنگ بہت حد تک ختم ہو چکی ہے اورگیس پاور پراجیکٹس سے کاشتکاروں کو سستی بجلی ملے گی۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے دھرنے دینا زیب نہیں دیتا۔ دھرنوں سے فائدہ نہیں بلکہ ملک و قوم کا ہمیشہ نقصان ہوا ہے۔

دھرنوں نے ملک کا بیڑہ غرق کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ جنہوں نے دھرنے دیئے، اس کا خمیازہ انہیں بھگتنا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت نے ماضی میں گنے کی قیمت کم کی لیکن میں نے کاشتکاروں کے مفاد میں ایک پیسہ بھی گنے کی قیمت کم نہیں کی۔انہوںنے کہا کہ 1998 میں ہم نے صوبے سے جعلی کھاد اور جعلی زرعی ادویات کا خاتمہ کر دیا تھا۔ جعلی کھادوں اور جعلی زرعی ادویات کی فروخت کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اورکسی کو کسان کا خون نہیں چوسنے دوں گا ۔

انہوںنے کہا کہ شوگر ملوں کو کرشنگ سیزن جلد شروع کرنے کا پابند بنایا جائے گااوراس ضمن میں وزیر زراعت اور چیف سیکرٹری شوگر ملز ایسوسی ایشن سے بات چیت کریں۔ انہوںنے کہا کہ بجلی کے بلوں کے بقایا جات کے حوالے سے کاشتکاروں کے نمائندوں کی وفاقی وزیر پانی و بجلی سے ملاقات کرائی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گندے پانی سے سبزی یا دیگر فصلیں کاشت کرنے پر پابندی پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے گا۔

صوبائی وزیر زراعت کواس ضمن میں ہر ممکن انتظامی تعاون فراہم کریںگے۔وزیراعلیٰ نے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی میں صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ،بلال یاسین،آصف سعید منہیس،نعیم اختر بھابھہ ،چیف سیکرٹری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز پرمشتمل ہوگی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے کسان اتحاد کے ایک گروپ کی قیادت خالد کھوکھر جبکہ دوسرے گروپ کی قیادت چوہدری انور کررہے تھے ۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ،بلال یاسین،آصف سعید منہیس،نعیم اختر بھابھہ ،معاون خصوصی ملک محمداحمد خان،چیف سیکرٹری اورمتعلقہ محکموں کے سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔