مقبوضہ کشمیر،کشتواڑ میںبھارتی پولیس کااہلکاررائفل سمیت فرار

گاندربل میں بھارتی فوج کا محاصرہ اور گھروں کی تلاشی

اتوار 21 جنوری 2018 12:50

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2018ء) مقبوضہ کشمیر میںضلع کشتواڑ میں بھارتی پولیس کا ایک اہلکار اپنی سروس رائفل سمیت فرارہوگیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس کے ایک سینئرآفیسرنے کہا کہ کشتواڑ سے تعلق رکھنے والا22سالہ سپیشل پولیس آفیسر محمدیاسین پولیس سٹیشن مڑواہ میں تعینات تھا جوجمعہ اورہفتے کی درمیانی رات کو اپنی سروس رائفل سمیت فرار ہوگیاہے۔

(جاری ہے)

علاقے کے ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس بسنت کماررتھ نے صحافیوں کوبتایاکہ یاسین اپنی سروس رائفل سمیت غائب ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔ دریں اثناء بھارتی فورسز نے ضلع گاندربل کے علاقے بٹہ وینہ میں مجاہدین کی موجودگی کا بہانہ کرکے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور گھروں کی تلاشی لی۔بھارتی فوج کی 5 راشٹریہ رائفلز اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے بٹہ وینہ کا محاصرہ کیا اور لوگوں کوشدید سردی میں کھلے آسمان تلے کھڑے ہونے پر مجبورکردیاجس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فورسز نے لوگوں کی شناختی پریڈ کرائی اور گھروں کی تلاشی لی ۔تاہم کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے باوجود بھارتی فوج کے ہاتھوںکچھ نہیں لگا اور انہیں خالی ہاتھ واپس لوٹنا پڑا۔