سکندر حیات شیرپائوکی زیرصدارت قومی وطن پارٹی پشاور کا اجلاس ، 11فروری کوحیات شہید کی برسی میں بھرپور شرکت کا فیصلہ

بدھ 31 جنوری 2018 22:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 جنوری2018ء) قومی وطن پارٹی پشاور زون کا ایک اجلاس وطن کور پشاور میں زیر صدارت صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو منعقد ہوا جس میں زون کے عہدیداروں اور کیو ڈبلیو پی ضلع پشاور،چارسدہ،نوشہرہ،مردان اور صوابی کے چیئرمین و جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی،اس موقع پرپارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہاشم بابر،جمیل ایڈوکیٹ، پشاور زون کے سیکرٹری جنرل کفایت علی ایڈوکیٹ،وائس چیئرمین تانیہ گل ایڈوکیٹ اورڈپٹی جنرل سیکرٹری شاہ ولی خان کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

اجلاس میں شہید وطن حیات محمد خان شیرپائو کی آنے والی برسی کے حوالے تفصیلی گفتگو ہوئی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ 11فروری کوحیات شہید کی برسی میں بھرپور شرکت کی جائے گی اور اس سلسلے میں ہماری تیاریاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق اور خطے میں امن کے قیام کیلئے کوشاں ہے اور یہ واحد جماعت ہے جو عملی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو اور صوبائی قائد سکندر حیات خان شیرپائو ہر فورم اور ہر محاذ پر پختونوں اور صوبہ کے حقوق و بہبود کیلئے آواز اٹھارہے ہیں اور اس ضمن میں عملی جدوجہد کے ذریعے پختونوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے عملی کوششیں کر رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ غلط پالیسیوں کی بدولت پی ٹی آئی کا گراف دن بدن گر رہا ہے اور خیبر پختونخوا کے عوام ان سے متنفر ہو رہے ہیں،عوام کی نظریں قومی وطن پارٹی پر لگی ہوئی ہیں اور انشاء اللہ مستقبل قومی وطن پارٹی کے کارکنوں کا ہے۔

مقررین نے شہید لیڈر کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے سنگین حالات سے نمٹنے اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حیات شہید کے جوش وجذبہ کی ضرورت ہے اور جس طرح انھوں نے پختونوں کے حقوق و تحفظ کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کیا اسی طرح ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پختون قوم کے حقوق و بہبود اور تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گا۔

اجلاس نے کمسن بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعات کی شدید الفاظ میں مزمت کی اور ملوث عناصر کو فوری گرفتاری اور قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔مقررین نے کہا کہ ان واقعات نے ہر فرد کے ضمیر کو جھنجھوڑکے رکھ دیا ہے لہٰذا انسان نما درندوں کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کے جرم کا مرتکب نہ ہوں اور حکومت کو چاہیے کہ ہر سطح پر اس سنگین معاملہ کی تحقیقات کرکے متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرے۔

اجلاس نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ نقیب اللہ محسوداور سرائے نورنگ سے تعلق رکھنے والی میڈیکل کالج کی طالبہ کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور نقیب اللہ محسودکے بیوہ اور بال بچوں کیلئے تعلیمی سہولیات کی فراہمی سمیت معقول معاوضہ دینے کابندوبست کیا جائے۔