سینٹ الیکشن، ایم کیو ایم کی طرح مسلم لیگ (ن) میں بھی پارٹی ٹکٹسں کی تقسیم قیادت کیلئے درد سر بن گیا

ٹکٹوں کی تقسیم پر مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی شدید ردعمل، راجہ ظفر الحق کا نواز شریف کے روبرو پارٹی ٹکٹس کی ں تقسیم پر پارلیمانی بورڈ سے مشاورت نہ کرنے پر احتجاج سب سے زیادہ شدید ردعمل مشاہد حسین سید کے ٹکٹ پر سامنے آیا ،ذرائع

منگل 6 فروری 2018 20:42

سینٹ الیکشن، ایم کیو ایم کی طرح مسلم لیگ (ن) میں بھی پارٹی ٹکٹسں کی تقسیم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 فروری2018ء) سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم پر مسلم لیگ (ن) کے اندر بھی شدید ردعمل سامنے آیا ہے، راجہ ظفر الحق نے میاں نواز شریف کے روبرو پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر پارلیمانی بورڈ سے مشاورت نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا، تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی طرح مسلم لیگ (ن) میں بھی پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم قیادت کیلئے درد سر بنی ہوئی ہے، مسلم لیگ کے سربراہ میاں نواز شریف ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے آج وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مشاورت کریں گے، ٹکٹوں کی تقسیم پر سب سے زیادہ شدید ردعمل مسلم لیگ (ق) چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو نیوالے مشاہد حسین سید کے ٹکٹ پر سامنے آیا ہے، مسلم لیگ کے سینیئر رہنماؤں نے میاں نواز شریف کو باور کرایا ہے کہ مشاہد حسین سید کو ٹکٹ دینے سے پارٹی کے مخلص رہنماؤں کو بہت مایوسی ہوئی ہے کیونکہ مشاہد حسین سید برے وقت میں نہ صرف پارٹی چھوڑ گئے تھے بلکہ ڈکٹیٹر پرویز مشرف سے جا ملے تھے، مسلم لیگی رہنماؤں کی بہت بڑی تعداد نے میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے پارلیمانی بورڈ کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا ہے، ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے پارلیمانی بورڈ کو اختیارات دینا ضروری ہیں تاکہ پارٹی کے مخلص کارکنوں کی دل شکنی نہ ہو، میاں نواز شریف نے تمام اراکین کو یقین دلایا ہے کہ آج بدھ کو میاں شہباز شریف سے مشاورت کے بعد ٹکٹ ہولڈروں کا اعلان کر دیا جائے گا، کچھ ممبران نے یہ بھی الزام لگایا کہ آصف کرمانی اور کچھ سینیئر لوگ صرف سرمایہ داروں کو ٹکٹ دلوانے کیلئے لابنگ کر رہے ہیں۔