ڈاکٹرایس الطاف حسین نے جامعہ اردو کی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے شروع کی گئی شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا

جمعرات 1 مارچ 2018 22:35

کراچی ۔ یکم مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2018ء) وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹرایس الطاف حسین نے جامعہ کی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے شروع کی گئی شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں خصوصاً اورکراچی شہر میں عموماً درخت لگانے کی انتہائی ضرورت ہے۔ یہ نہ صرف گردونواح کے حسن میں اضافے کا باعث بنتے ہیں بلکہ آلودگی میں اضافے کو روکنے کا سبب ہوتے ہیں۔

اس سلسلے میں جامعہ اردو کے ملازمین کی جانب سے شجر کاری مہم کا آغاز کرنا ایک اچھا عمل ہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے پانچ پودے لگائے گئے ۔ڈاکٹر ایس الطاف حسین نے پودا لگاکر شجر کاری مہم کا آغاز کیا ۔ان کے ہمراہ رجسٹرار محمد افضال، ٹریثرار دانش احسان، ناظم امتحانات غیاث الدین احمد، رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشاق، رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الدین، رکن سنڈیکیٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد، ،مشیر امور طلباء آصف رفیق ،آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر معز الدین واثق،جنرل سیکریٹری عطاء گورمانی،انچارج رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ سجاد حسین، رفیق میمن ،دانش علی، احسن امام اور ملازمین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔