ایم بی بی ایس فائنل ائیر نتائج میں امیر الدین میڈیکل کالج کی پنجاب میں پہلی پوزیشن

شاندار رزلٹ اور کالج کے پائینئر بیج کو عملی میدان میں قدم رکھنے پر پرنسپل پروفیسر غیاث النبی طیب کی مبارکباد نئے ڈاکٹرز ، جنرل ہسپتال سے عملی کیرئیر کا آغاز کریں گے،پروفیشنل لائف میں بھی ان کی کارکردگی آوٹ کلاس رہے گی‘پرنسپل پی جی ایم آئی

منگل 6 مارچ 2018 22:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2018ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ایم بی بی ایس(فائنل ائیر ) پروفیشنل2017کے سالانہ نتائج کے مطابق پنجاب کے تمام سرکاری و نجی میڈیکل کالجز میں 95.51فیصد رزلٹ کے ساتھ امیر الدین میڈیکل کالج(پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ)نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے جس کے بعد پہلی مرتبہ اس ادارے کے سٹوڈنٹس بطور ڈاکٹر عملی میدان میں قدم رکھیں گے ۔

کالج کے پرنسپل پروفیسر غیاث النبی طیب نے اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے امیر الدین میڈیکل کالج کے پائینئر بیج کے طلباو طالبات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کے سپوت طب کے میدان میں اپنا لوہا منوائیں گے ان کے شاندار نتائج محنت ،لگن اور نیک نیتی ثبوت ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبا و طالبات سے کہا کہ وہ میڈیکل جیسے اہم ،حساس اور قومی خدمت سے بھرپور شعبے کو منتخب کرنے کے بعد اپنی تمام صلاحیتیں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے برؤے کار لائیں اور اس عظیم مشن کی تکمیل کریں جس کا طب کا میدان ہم سے تقاضا کرتا ہے ۔

پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا کہ مریضوں کی دیکھ بھال کر کے ہم نہ صر ف دنیا بلکہ آخرت بھی سنوار سکتے ہیں اور امیر الدین میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ہونے والوں کیلئے نادر موقع ہے کہ وہ ملک کے اندر اور باہر اس ادارے کا نام روشن کریں ۔پرنسپل نے کہا کہ امیرالدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس نے ہمیشہ میڈیکل کے نتائج میں نمایاں پوزیشن حاصل کی ہیں اور اب وہ لاہور جنرل ہسپتال میں عملی کیرئیر کا آغاز کریں گے اور پروفیشنل لائف میں بھی ان کی کارکردگی آوٹ کلاس رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق 33میڈیکل کالجز میں سب سے زیادہ نتائج95.51فیصد امیر الدین میڈیکل کالج کے رہے جن کے 91سٹوڈنٹس امتحانات میں شامل تھے اور جنہوں نے شاندار کامیابی حاصل کر کے کالج کو نمایاں مقام دلایا ،ان شاندار نتائج پر طلباو طالبات نے گفتگو کرتے ہوئے اسے ادارے کا کریڈٹ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اساتذہ کی محنت کے مشکور ہیں اور انشاء اللہ عملی زندگی میں داخل ہو کر دکھی انسانیت کا خدمت کیلئے کوئی کسراٹھا نہ رکھیں گے۔انہوں نے پرنسپل پروفیسر غیاث النبی طیب ،فیکلٹی ممبران اور ادارے کے سٹاف کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ عنوان :