Live Updates

عامر لیاقت کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر سلمان احمد ناراض، عمران خان نے رابطہ کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 22 مارچ 2018 11:31

عامر لیاقت کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر سلمان احمد ناراض، عمران خان نے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مارچ 2018ء) : مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر گلوکار اور عمران خان کے دیرینہ ساتھی سلمان احمد نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔ پارٹی چئیرمین عمران خان نے سلمان احمد کو منانے کے لیے ان سے رابطہ کر لیا۔ سلمان احمد نے بتایا کہ میں نے عمران خان سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

عمران خان نے میرے تحفظات کو سنجیدہ لیا ہے اور عامر لیاقت حسین سے بات کرنے کی یقین دہانہ کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا عمران خان کے ساتھ 35 سال کا ساتھ ہے، وہ میرے دوست ہیں اور یہ ساتھ ہمیشہ چلے گا۔ میں نے جو احتجاج کیا اس میں میں نے نکتہ اٹھایا تھا کہ عامر لیاقت حسین کو اگر پی ٹی آئی میں شامل ہو کر سیاستدان کی حیثیت سے ایک پلیٹ فارم مل رہا ہے، میں ان کو یاد دلا دوں کہ انہوں نے دین کو توڑ مروڑ کر میرے دوست شہید جنید جمشید پر مبینہ توہین مذہب اور توہین رسالت کا الزام عائد کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنید جمشید کی والدہ کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے۔ انہوں نے ایسا کر کے کروڑوں لوگوں کے دلوں کو ٹھیس پہنچائی جن میں میں بھی شامل ہوں۔ اگر آپ ایسے ویسے لوگوں کو تحریک انصاف میں لے کر ان کو پلیٹ فارم دینا چاہتے ہیں تو اس پر میں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کیا ، میں نے خان صاحب سے کہا کہ دین کو اتنے لوگوں نے غلط استعمال کر کے نفرتیں پھیلائی ہیں۔

مجھے یقین ہے کہ عمران خان میرے تحفظات پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہوں گے کیونکہ دین کو سیاست یا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ، لوگوں کو نفرت کا نشانہ بنانا قابل مذمت ہے اور ہمیں ایسے لوگوں سے بچنا چاہئیے۔ میری عمران خان سے بہت واضح بات ہوئی ہے ، میں نے ان سے کبھی کوئی چیز نہیں مانگی ، میں ایک پاکستانی ہوں، فنکار ہوں ، میں نے ان سے کہا کہ ہم جیسے لوگ جو آپ کو 35 سال سے سپورٹ کر رہے ہیں اگر آپ چاہتے ہیں کہ ہم آگے بھی آپ کو سپورٹ کریں تو آپ کو بھی ہمارے احتجاج کے نکتے پر غور کریں ۔ یاد رہے کہ عامر لیاقت کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر گلوکار و فنکار سلمان احمد نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان سے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات