بنوں،شمالی وزیرستان میں 23مارچ یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا

سکاؤٹس ٹریننگ اکیڈیمی ساؤتھ کے زیر اہتمام شمالی وزیرستان کی سب ڈویژن میر علی کے مقام پر بارہ سال بعد پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا

جمعہ 23 مارچ 2018 21:18

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2018ء) شمالی وزیرستان میں 23مارچ یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا سکاؤٹس ٹریننگ اکیڈیمی ساؤتھ کے زیر اہتمام شمالی وزیرستان کی سب ڈویژن میر علی کے مقام پر بارہ سال بعد پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس کے مہمان خصوصی بریگیڈیئر شہر یار پرویز بھٹ تھے تقریب میں بڑی تعداد میں قبائلیوں اور سکولوں کے طلبہ نے شرکت کی یوم استقلال کے سلسلے میں پنڈال کوپاکستانی جھنڈیوں ، غباروں اور بینرز سے سجایا گیا تھا بریگیڈیئر شہر یار پرویز بٹ نے پرچم کشائی کی جس کیلئے فرنٹیئر کورکے چاک و چوبند دستہ نے سلامی دی تقریب کے دوران پریڈ مارچ پاسٹ ، بینڈ پارٹی نے مدھر دھنوں سے سامعین سے داد وصول کی اس موقع پرد ہشت گردی کے خلاف خاکے بھی پیش کئے گئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی شہر یار پرویز بٹ، کرنل شہزاد سلیم شیخ اورمیجر نے ملک اور قوم کے لئے قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور قبائلیوں کو بہادر قوم قرار دیا اُن کا کہنا تھا کہ23مارچ کا دن ہمارے لئے باعث رحمت ہے کیونکہ اس دن ایک عظیم اور آزا د و مختار مملکت وجود میں آنے کیلئے قرارپیش کیا گیا تھا جس کی روشنی میں ہمارے اکابرین نے شب و روز محنت کرکے اپنی جانوں تک کی قربانیاں دیں اور پاکستان وجود میں آیا اب اس کی ترقی اور حفاظت کا کام پاک فوج اور عوام کا مشترکہ ہے ہم سب کا ایک ہی مشن اور ایک ہی نعرہ لاالہ اللہ محمد رسول اللہ ہے دریں اثناء میر علی میں قبائلیوں نے یوم پاکستان کی مناسبت سے ڈول کی تھاپ پر ریلی نکالی اور روایتی رقص اتنڑ کا مظاہرہ کیا ۔