پنجاب یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ اجلاس میں اہم فیصلے

پنجاب یونیورسٹی نے 80 کنال اراضی این ٹی ڈی سی کو دیدی‘این ڈی ٹی سی زمین کے بدلے 64 کروڑ روپے ایڈوانس فراہم کریگی‘ گریڈ ایک سے پانچ تک کے کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کردیا گیا‘ڈاکٹر فرح ملک کو ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائیکالوجی‘ڈاکٹر ساجد رشید کنٹرولر امتحانات تعیناتی کرنے کی منظوری

بدھ 28 مارچ 2018 22:13

لاہور۔28 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2018ء) پنجاب یونیورسٹی نے جامعہ کی 80 کنال اراضی این ٹی ڈی سی کو دیدی‘ سینڈیکیٹ نے اراضی این ٹی ڈی سی کو دینے کی باقاعدہ منظوری دیدی‘این ڈی ٹی سی زمین کے بدلے 64 کروڑ روپے پنجاب یونیورسٹی کو ایڈوانس میں فراہم کریگی جبکہ سینڈیکیٹ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ کریم بلاک علامہ اقبال ٹائون سے انڈر پاسزز بنانے اور زمین کی کمرشلائزیشن کرنے کے حوالے سے پنجاب یونیورسٹی کیس بنا کر ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو بھجوائے گی تاکہ اس سے معاشی فائدہ اٹھایا جاسکے‘ سینڈیکیٹ نے گریڈ ایک سے گریڈ پانچ کے کنٹریکٹ‘ ڈیلی ویجز اور ایڈہاک 105 ملازمین کو مستقل کرنے کی بھی منظوری دیدی‘سینڈیکیٹ نے ڈاکٹر فرح ملک کی بطور ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائیکالوجی تعیناتی‘ ڈاکٹر ساجد رشید کی بطور کنٹرولر امتحانات تعیناتی کی باقاعدہ منظوری دیدی جبکہ ڈاکٹر شاہد تمینی کو انسٹیٹیوٹ آف جیالوجی میں بطور ڈائریکٹر بحال کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ فیصلے گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی میں سینڈیکیٹ کے 1724 ویں اجلاس میں کئے گئے‘ اجلاس میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب بیرسٹر نبیل اعوان‘ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر‘ماجد ظہور‘راغب نعیمی‘ ڈاکٹر محبوب حسین‘ ڈاکٹر ساجد رشید‘ رانا ماجد‘ جاوید سمیع‘ مس روزینہ عالم‘ ڈاکٹر شاہد سرویا اور ایڈیشنل سیکرٹری فنانس نے شرکت کی‘سینڈیکیٹ کے اجلاس میں پنجاب یونیورسٹی کی 80 کینال اراضی نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو دینے کی منظوری دی گئی‘ 12 ممبران میں سے 8 نے اراضی دینے کی حمایت جبکہ چار نے مخالفت کی‘ ڈاکٹر ساجد رشید اور ڈاکٹر محبوب حسین نے زمین دینے کیخلاف اختلافی نوٹ بھی دیا‘ پنجاب یونیورسٹی کی 80 کینال اراضی پر 220 کے وی کا گرڈ اسٹیشن بنایا جائیگا‘ سینڈیکیٹ کے اجلاس میں مستحق طلباء کی امداد کیلئے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کی بھی باقاعدہ منظوری دیدی گئی‘ سینڈیکیٹ میٹنگ میں ڈاکٹر فرح ملک کیخلاف ڈاکٹر صائمہ دائود کی درخواست بھی خارج کر دی گئی‘ سینڈیکیٹ اجلاس میں سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی بھی منظوری دیدی جبکہ گریڈ ایک سے گریڈ پانچ کے کنٹریکٹ‘ ڈیلی ویجز اور ایڈہاک 105 ملازمین کو مستقل کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی‘ سینڈیکیٹ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ این ٹی ڈی سی ایک کنال کے بدلے پنجاب یونیورسٹی کو 80 لاکھ روپے فی کنال رقم ایڈوانس فراہم کریگی‘ اس طرح جامعہ پنجاب کو مجموعی طور پر ایڈوانس میں 64 کروڑ روپے ملیں گے۔

متعلقہ عنوان :