وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دولت مشترکہ سربراہان حکومت کے 25 ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے

وزیراعظم ملکہ الزبتھ دوئم، پرنس آف ویلز اور برطانوی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

پیر 16 اپریل 2018 18:45

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دولت مشترکہ سربراہان حکومت کے 25 ویں اجلاس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دولت مشترکہ سربراہان حکومت کے 25 ویں اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے جو 18 سے 20 اپریل تک لندن میں منعقد ہو گا۔ اس اجلاس کا بنیادی موضوع ’’ایک مشترکہ مستقبل کی جانب پیشرفت‘‘ ہے۔ پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق لندن میں قیام کے دوران وزیراعظم ملکہ الزبتھ دوئم، پرنس آف ویلز اور برطانوی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

یہ اجلاس دولت مشترکہ کے دیگر رہنمائوں سے ملاقاتوں اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کا موقع بھی فراہم کرے گا۔ بیان کے مطابق پاکستان تنظیم کے بانی اراکین میں سے ایک ہے۔ اس وقت 53 ممالک دولت مشترکہ کے رکن ہیں۔ دولت مشترکہ 2 ارب 20 کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل ہے اور یہ 6 براعظموں پر پھیلا ہوا ہے، یہ دنیا کے رقبہ کا ایک چوتہائی ہے جبکہ اس کی مجموعی جی ڈی پی 6.9 ٹریلین پائونڈ ہے۔

(جاری ہے)

دولت مشترکہ سربراہ اجلاس میں شرکت ایک جدید اور فعال ابھرتی ہوئی مارکیٹ سمیت پاکستان کی طرف سے حاصل کی جانے والی کامیابیوں اور اسے کاروبار، سرمایہ کاری اور تجارت کیلئے ایک پرکشش مقام کی حیثیت سے اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دولت مشترکہ سربراہ اجلاس کے موقع پر تمام ایگزیکٹو اور ریٹریٹ نشستوں میں فعال شرکت کے علاوہ کئی تقریبات میں بھی شریک ہوں گے۔