Live Updates

پی ٹی آئی کا29اپریل کو مینار پاکستان کا جلسہ ،عبدالعلیم خان کی قیادت میں رہنماؤں کا دورہ

جلسے کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز عمران خان کے دورہ لاہور کے بعد 20اپریل سے کیا جائے گا لاہور شہر کو سجائیں گے ،کراچی ، کوئٹہ ، پشاور سے خصوصی ٹرینوں سے کارکن پہنچیں گے‘عبدالعلیم خان

پیر 16 اپریل 2018 19:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے 29اپریل کے مینار پاکستان کے جلسے کیلئے عبدالعلیم خان کی زیر قیادت پارٹی رہنماؤں نے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا اور مینار پاکستان کے ایک طرف سٹیج اور پنڈال کی تیاری کیلئے باہم صلاح مشورے کیے ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی مینار پاکستان پر تاریخی جلسہ کرنے جا رہی ہے جس کے انتظامات عمران خان کی20اپریل کے دورہ لاہور کے فوراً بعد شروع کر دیے جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ 21اپریل سے لاہور شہر کو سجانا شروع کر دیا جائے گا اور لاہور کے ہر کونے میں پی ٹی آئی کی بینرز ، ہورڈنگزاور سٹیمرز ہوں گے ،اسی طرح لاہور شہر میں جگہ جگہ100کے لگ بھگ استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے اور قومی و صوبائی اسمبلی کے ہر حلقے میں پارٹی رہنماؤں کو ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ کراچی ، کوئٹہ اور پشاور سے خصوصی ٹرینوں کے ذریعے کارکن مینار پاکستان پہنچیں گے جہاں ایک دن قبل 28اپریل کی رات پی ٹی آئی جشن منائے گی ،کلچرل شو ہو گا اور پارٹی کارکنوں کا لہو گرمایا جائے گا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ چاروں صوبوں سے تحریک انصاف کے صوبائی عہدیداران بھی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اس تاریخی اجتماع میں شریک ہوں گے جبکہ پی ٹی آئی اپنے سابقہ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے اس جلسے کیلئے شاندار انتظامات کو یقینی بنائے گی ، عبدالعلیم خان نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مینار پاکستان کے اطراف کا جائزہ لیا اور جلسے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ،ایم پی اے و مرکزی نائب صدرمحمد شعیب صدیقی ،جمشید اقبال چیمہ ،آجا سم شریف ،اعجاز ڈیال ،حافظ فرحت عباس،خالد گجر اور فرخ جاوید مون بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان ،قائد حزب اختلاف میاں محمو د الرشید ،سینیٹر چوہدری محمد سرور، ایم این اے شفقت محمود ،اعجاز چوہدری ،ممبر پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی اور جنرل سیکرٹری سینٹرل پنجاب شوکت بھٹی نے خصوصی اجلاس میں بھی 29اپریل کے اس جلسے کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا اور اہم معاملات کو حتمی شکل دی گئی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات