شہر کے اہم مقامات ، شاہراہوں کے کناروں پر درخت لگانے کا آغاز ،ابتدائی مرحلہ میں200 درخت لگائے جائیں گے

پیر 16 اپریل 2018 23:05

سکھر۔16اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) سکھر شہر کے اہم مقامات ، شاہراہوں کے کناروں پر درخت لگانے کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ درختوں سے خوبصورتی میں اضافہ ہو، ماحولیات پر خوشگوار اور مثبت اثرات مرتب ہوں ، اس سلسلے میں میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی ہدایت پر شہر میں 2 ہزار درخت لگائے جائیں گے ، ابتدائی مرحلہ میں گل مہر اور فورٹ منٹو کے 200 درخت لگائے جارہے ہیں ، ان درختوں میں سرخ اور پیلے پھول کھلتے ہیں جو موسم بہار میں مکمل نکھار پر ہوتے ہیں ، گل مہر کے درخت لگانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ، ہر درخت کی حفاظت کے لئے خوبصورت جالیاں لگائی جارہی ہیں جن کی وجہ سے ارسلان اسلام شیخ نے شہریوں باالخصوص نوجوانوں اور طلباء و طالبات سے کہا ہے کہ وہ بھی ان درختوں کی حفاظت اور دیکھ بھال اپنی شہری ذمہ داری سمجھتے ہوئے کریں جب بھی کسی ایسے علاقے سے گزریں یا جو ان کے تعلیمی ادارے، گھر یا کاروباری جگہ سے متصل ہو آتے جاتے درختوں کے یقینی تحفظ کا جائزہ لیں اور ان کی نشو و نما اور پرورش میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہے کہ شہری مسائل کے حل میں نوجوانوں اور ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو تعاون کرنا چاہئے ، اسی طرح جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کریں اور ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور بہتر معیار کا جائزہ لیں ، انفرادی و اجتماعی سطح پر شہری ، نوجوان اعزازی طور پر عملی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ سکھر میونسپل کارپوریشن شہریوں کا ادارہ ہے جس میں منتخب میئر ، ڈپٹی میئر یونین کمیٹیوں کے 26 چیئرمین اور کونسلرز اپنے اپنے علاقوں جو صفائی ستھرائی ، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب ، فراہمی و نکاسی آب سے متعلق معاملات جیسے کاموں میں عملاًً مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ سماجی تنظیموں اور شہریوں کے تعاون سے ہی منتخب بلدیاتی قیات شہری مسائل حل کرسکتی ہے۔ میئر سکھر نے کہا ہے کہ ڈپٹی میئر طارق چوہان شہر کے دور دراز اور اونچائی پر واقع علاقوں میں پانی کی فراہمی کے انتظامات کی مانیٹرنگ کررہے ہیں اور پانی کی فراہمی کے لئے پمپنگ اسٹیشنز سمیت والوز آپریشن کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے۔