آغا سراج درانی پاکستان پیپلز پارٹی کا عظیم سرمایہ تھے، سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات

جمعرات 16 اکتوبر 2025 21:51

آغا سراج درانی پاکستان پیپلز پارٹی  کا عظیم سرمایہ تھے، سینئر صوبائی ..
لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2025ء) سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز اور جیل خاناجات حاجی علی حسن زرداری، وزیر برائے لائیوسٹاک محمد علی ملکانی، ایم این اے اعجاز حسین جکھرانی اور ایم پی ایز امداد پٹافی اور سراج قاسم سومرو نے گھڑی یاسین پہنچ کر مرحوم آغا سراج خان درانی کے ورثاءسے تعزیت پیش کی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آغا سراج درانی پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے ایک عظیم سرمایہ تھے، جو زندگی بھر پارٹی کے وفادار رہے۔ ان کا انتقال نہ صرف پی پی پی کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے بلکہ سندھ اور پاکستان کی سیاست کے لیے بھی ایک بڑا خلا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ آغا سراج درانی نے قید کی صعوبت برداشت کی مگر اپنے اصولی موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

بطور اسپیکر سندھ اسمبلی انہوں نے شاندار خدمات انجام دیں اور قیادت و اخلاص کی مثال قائم کی۔غیر قانونی امیگریشن کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر سینئر وزیر نے کہا کہ پورے پاکستان بشمول سندھ میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔ پی پی پی قیادت نے ہمیشہ قانونی چارہ جوئی عدالتوں میں کی اور آئینی راستوں سے انصاف حاصل کرنے کی کوشش کی۔ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں سوال پرشرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت عالمی معیار کی ترقیاتی اسکیمیں نافذ کر رہی ہے۔ ہمارا مقابلہ دنیا کے ساتھ ہے۔ ہم نے خیرپور میں ایک عالمی معیار کا اقتصادی زون قائم کیا ہے اور سیلاب متاثرین کے لیے دو ملین سے زائد مکانات تعمیر کیے ہیں۔