افغان طالبان جنگ چاہتے ہیں تو ان کی خواہش پوری کریں گے،وزیردفاع

سعودی عرب میں فوج کی تعداد میں اضافہ کیا جائیگا ،ضرورت پڑنے پر غزہ میں فوج بھجوائی جائیگی، خواجہ آصف

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:20

افغان طالبان جنگ چاہتے ہیں تو ان کی خواہش پوری کریں گے،وزیردفاع
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغان طالبان جنگ چاہتے ہیں تو کرلیں ،خواہش پوری کریں گے۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ افغان طالبان ہم سے کہیں زیادہ قیمت ادا کررہے ہیں، لوگ کہتے تھے طالبان سے بات کریں لیکن حقیقت سامنے آرہی ہے، موجودہ صورتحال میں ہماراسعودی عرب کے ساتھ رابطہ ہے، اس حوالے سے دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ بھی رابطہ میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے حملے کا امکان موجود ہے، ہم کسی بھی جارحیت کیلئے ہروقت تیار ہیں،کسی کو شک نہیں ہونا چاةئے، ہم دومحاذوں کی بات کرتے ہیں ہمارے خلاف اندرونی محاذ بھی کھڑا ہوسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ افغان بارڈرسیجنگ کی صورتحال کئی سالوں سے چل رہی ہے، پہلے تو اس بارڈر پر ہماری فوج نہیں ہوتی تھی،نہ پاسپورٹ کی ضرورت ہوتی تھی، بھارت سے جنگ ہوئی تو افغان بارڈر سے فوج لیکر تو نہیں گئے تھے۔

(جاری ہے)

خواجہ آصف نے کہاکہ دہشتگردی پرسب سیاسی قیادت متحد ہو تو ایک مضبوط میسج جائیگا، دہشتگرد ایک قومی مسئلہ ہے اس پرقوم کو متحد ہونا چاہیے، پی ٹی آئی کا مذاکرات کا ایک نعرہ ہے ان کا ایک نظریہ ہے۔انہوںنے کہا کہ کہا کہ سعودی عرب میں فوج کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ ضرورت پڑنے پر غزہ میں فوج بھجوائی جائیگی۔ انہوںنے کہا کہ ہم امن کے محافظ کے طور پر دنیامیں نمبرون ہیں۔