ٹی ایل پی کی حمایت میں تقریر کرنے پر پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر و دیگر پر دہشتگردی کا مقدمہ درج

اڈیالہ روڈ پر عوامی اسمبلی کے دوران سیمابیہ طاہر نے حوصلہ افزائی کی اور گولی چلانے کا سوال کیا، ایف آئی آر

جمعرات 16 اکتوبر 2025 23:05

ٹی ایل پی کی حمایت میں تقریر کرنے پر پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر و ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق رکن اسمبلی سمابیہ طاہر سمیت دیگر کے خلاف تحریک لبیک پاکستان کی حمایت کرنے پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔رپورٹ کے مطابق راولپنڈی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ 2کیس کی سماعت کے دوران جیل کے قریب پی ٹی آئی کی عوامی اسمبلی منعقد کرنے اور اس میں ٹی ایل پی کے خلاف کریک ڈاؤن کی مذمت کرنے پر سمابیہ طاہر سمیت دیگر کے خلاف پولیس افسر کی مدعیت میں راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں انسداد دہشت گردی ایکٹ اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمہ پولیس کے سب انسپکٹر محمد عمران کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا کہ توشہ خانہ کیس کی سماعت کے لیے خصوصی ڈیوٹی پر تھے، اڈیالہ روڈ پر واقع نجی فیکٹری کے قریب ہی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں نے عوامی اسمبلی کا انعقاد کیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر کے مطابق سابق ایم پی اے سمابیہ طاہر نے تقریر کرتے ہوئے زبانی قرارداد پیش کی، جس میں 17جون، 25مئی، 26نومبر اور ٹی ایل پی کے شیخوپورہ واقعات کا حوالہ دے کر اس کی حوصلہ افزائی کی گئی اور گولی چلانے سے متعلق سوال اٹھایا گیا۔

ایف آئی آر میں لکھا گیا کہ خاتون سابق ایم پی اے کی تقریر کا متن انتہاہی حساس اور سنگین نوعیت کا ہے، ایسا کرکے سیمابیہ طاہر نے تعصب کو فروغ دیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں کی ہتک عزت کے ساتھ انکی جانوں کو خطرے میں ڈالا۔پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد سمیابیہ طاہر سمیت دیگر کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردی ہیں۔