سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن انتخابات ، انڈیپنڈنٹ عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدر کے امیدوار ہارون الرشید نے میدان مار لیا

پروفیشنل حامد خان گروپ کے توفیق آصف کامیابی حاصل نہ کر سکے، نتائج کا اعلان ہوتے ہی ہارون الرشید کے حامی وکلاء نے ڈھول کی تھاپ پر بھرپو رجشن منایا او ربھنگڑے ڈالے

جمعرات 16 اکتوبر 2025 22:20

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن انتخابات ، انڈیپنڈنٹ عاصمہ جہانگیر گروپ ..
اسلام آباد/لاہور/کراچی/ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں انڈیپنڈنٹ عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدر کے امیدوار ہارون الرشید نے میدان مار لیا ،پروفیشنل حامد خان گروپ کے توفیق آصف کامیابی حاصل نہ کر سکے، نتائج کا اعلان ہوتے ہی ہارون الرشید کے حامی وکلاء نے ڈھول کی تھاپ پر بھرپو رجشن منایا او ربھنگڑے ڈالے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے لئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری سمیت ملک بھر میں مقررہ مقامات پر پولنگ ہوئی۔ ملک بھر میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات کے لئی4379 وکلا ووٹ ڈالنے کے اہل قرار دئیے گئے تھے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں عاصمہ جہانگیر انڈیپنڈنٹ گروپ کے صدارتی امیدوار ہارون الرشید کامیاب 629 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل پروفیشنل گروپ کے صدارتی امیدوار توفیق آصف نے 431 ووٹ حاصل کئے ،صدارتی امیدواروں کے 6 ووٹ منسوخ ہوئے ہوئے،کراچی سے انڈیپنڈنٹ گروپ کے ہارون الرشید 195 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ ان کے مدمقابل پروفیشنل گروپ کے توفیق آصف 185 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

(جاری ہے)

ملتان میں 315 میں سے 256 ووٹ کاسٹ ہوئے ،یہاں سے بھی عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار ہارون الرشید 135 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل توفیق آصف 115 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ،یہاں بھی 6 ووٹ مسترد کر دئیے گئے۔ سکھر میں عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار ہارون الرشید نی55ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی ان کے مدمقابل حامد خان گروپ کے صدارتی امیدواررفیق آصف 13 ووٹ لے سکے۔

سوات میں ہارون الرشید 27ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ، ان کے مدمقابل توفیق آصف نی23 ووٹ حاصل کئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں عاصمہ جہانگیر گروپ کے ہارون الرشید 23 کے ساتھ کامیاب قرار پائے جبکہ حامد خان گروپ توفیق آصف 17ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ حیدر آباد میں بھیہارون الرشید64ووٹوں کے ساتھ کامیاب رہے جبکہ ان کے مدمقابل توفیق آصف نے 33ووٹ حاصل کئے۔سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں عاصمہ جہانگیرگروپ کے ہارون الرشید 121کے ساتھ فاتح قرار پائے ،حامد خان گروپ کے توفیق آصف 101ووٹ لے سکے۔ بہاولپور میں انڈیپنڈنٹ گروپ کے ہارون الرشید 89 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ ان کے مدمقابل پروفیشنل گروپ کے توفیق آصف نے 37 ووٹ حاصل کئے۔