تحریک حریت کی طرف سے پارٹی رہنماء کی بلا جواز گرفتاری کی شدید مذمت

بھارتی پولیس سانسوں پر پہرہ بٹھا کر مصنوعی امن قائم کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے

منگل اپریل 12:03

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموںو کشمیر نے پارٹی کے رہنماء فاروق احمد شاہ کی بلاجواز گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی پولیس کی بوکھلاہٹ قراردیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ جموںو کشمیر کو عملاً فوجی اور پولیس اسٹیٹ بنادیا گیا ہے اور جو کوئی بھارتی فورسز کے ظلم وجبر، تشدد اور قتل وغارت کے خلاف آواز اٹھاتا ہے یا فورسز کے ہاتھوںشہید ہونیوالے کشمیریوںکے جنازوں میں شرکت کرتا ہے انہیں گرفتار کرلیاجاتا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پولیس سانسوں پر پہرہ بٹھا کر مصنوعی امن قائم کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے اورپر امن سیاسی سرگرمیوں پر جبری قدغنیں عائد کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ فاروق احمد شاہ نے کھڈونی کولگام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونیوالے نوجوانوںکے جنازوں میں شرکت کی اور پولیس نے اس جرم کی بنیاد پرانہیں گرفتار کرکے تھانے میں بند کردیاہے۔

ترجمان نے کہاکہ پولیس ان کارروائیوں سے آزادی کے متوالوں کو خوفزدہ نہیں کرسکتی۔انہوںنے پولیس کی اس کارروائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے تمام نظربندکشمیریوںکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔ ادھر تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی ہدایت پر محمد رفیق اویسی کی قیادت میںایک وفد نے شہید عامر حسین لون کے گھر چھترگل کنگن جاکر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیا۔

انہوںنے شہید نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائیگا۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ تک اشرف صحرائی کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ وفد میں طالب حسین، جان محمد، عبدالاحد، عامر احمد، شوکت حسین اور شمیم احمد شامل تھے ۔

دریں اثناء تحریک حریت کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے کا رکن غلام محمد خرقہ کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ تحریک اسلامی اور تحریک آزادی کے مخلص سپاہی تھے۔ انہوںنے مرحوم کی تحریک آزادی کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے اٴْن کی بلندہی درجات کیلئے دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :