کاغان کے بالائی سیاحتی علاقوں ناراں، بٹہ کنڈی، جل کھنڈ کا زیریں علاقوں سے مواصلاتی رابطہ بحال ہو گیا

منگل 17 اپریل 2018 13:37

بالاکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) وادی کاغان کے بالائی سیاحتی علاقوں ناراں، بٹہ کنڈی، جل کھنڈ اور دیگر علاقوں کا دو ماہ بعد زیریں علاقوں سے مواصلاتی رابطہ بحال ہو گیا، ناراں سڑک کو عام ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا۔ ناراں سے چند کلو میٹر پہلے بڑے گلیشیئر کو بھاری مشینری سے کاٹ کر راستوں کی بحالی کا کام گذشتہ چند ہفتوں سے جاری تھا۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز این ایچ اے کے ٹھیکیداروں نے بھاری برفانی تودے کاٹ کر راستہ آزاد کر دیا، ناراں تک عام ٹریفک کی بحالی کے ساتھ ہی ناراں میں سیاحتی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ ہوٹلوں پر کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کے ساتھ ہی سیاحوں کے قافلے بالائی علاقوں میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ بالائی علاقوں سے آمدہ اطلاعات کے مطابق ناراں میں بیشتر ہوٹل کھل گئے ہیں جبکہ مختلف دکانوں اور دیگر کاروبار سے وابستہ افراد بھی اب آہستہ آہستہ ناراں تک اپنی رسائی ممکن بناتے جا رہے ہیں۔