وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے پنجاب پولیس کے ملازمین کیلئے ہیلتھ کیئر کے شاندار اقدامات

جمعرات 18 ستمبر 2025 19:11

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے پنجاب پولیس کے ملازمین کیلئے ہیلتھ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب پولیس کے ملازمین کیلئے ہیلتھ کیئر کے شاندار اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس غازی محمد صلاح الدین نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب پولیس کے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی صحت و فلاح کیلئے متعدد جدید اور فری ہیلتھ کیئر پروگرامز جاری ہیں۔

انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت پولیس ملازمین کے عارضہ قلب میں مبتلا بچوں کی مفت سرجری کی جارہی ہے۔اسی طرح چیف منسٹر سپیشل انیشیٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کو آرگنز ٹرانسپلانٹ کی سہولت بھی بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ انسولین ایٹ ڈور سٹیپ پروگرام کے تحت شوگر کے مریض پولیس اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ کو مفت انسولین ان کے گھروں کی دہلیز پر فراہم کی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں پنجاب کے مختلف ہسپتالوں میں عارضہ قلب میں مبتلا پولیس ملازمین کو کیتھیٹرائزیشن لیب میں بھی مفت سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس نے کہا کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ مختلف بیماریوں کے علاج کیلئے صحت سہولت پروگرام سے بھی بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سمیت تمام یونٹ سربراہان کو تفصیلی مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے تاکہ وہ اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو سہولیات کے حصول کے طریقہ کار اور لائحہ عمل سے آگاہ کر سکیں۔