بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحقین کیلئے محفوظ، شفاف اورآسان ادائیگی کے نظام کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہے، سینیٹر روبینہ خالد

جمعرات 18 ستمبر 2025 22:12

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  مستحقین کیلئے محفوظ، شفاف اورآسان ادائیگی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنے مستحقین کیلئے محفوظ، شفاف اور آسان ادائیگی کے نظام کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ صدرِ پاکستان کی ہدایات اور وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق بی آئی ایس پی جدید اور شفاف ادائیگی کے نظام کو اپنانے کے لئے پرعزم ہے جو مستحقین کو بروقت، سہل اور باعزت سہولت فراہم کرے گا۔ اجلاس میں مستحقین کیلئے نقد رقوم کی تقسیم کے جدید نظام کی تیاری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا مقصد ملک بھر کے لاکھوں مستحقین کیلئے مالی امداد کی تقسیم کو محفوظ، شفاف اور آسان بنانا ہے۔

اجلاس میں چیف کمرشل آفیسر ون لنک محمد بشیرخان، کارانداز ٹیم، ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی اور تمام ڈائریکٹرجنرلزنے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ٹیکنالوجی پرمبنی ایک ایسے ادائیگی کے نظام پر غور کیا گیا جو کم سے کم انسانی مداخلت کے ساتھ مستحقین کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں مالی امداد تک رسائی میں انتخاب کی آزادی فراہم کرے۔