کراچی،کورنگی بلوچ چیلنج کپ فٹبال ماری پور بلوچ نے اسلم الیون کو شکست دے دی

منگل 17 اپریل 2018 15:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) کورنگی بلوچ فٹبال اسٹیڈیم شرافی گوٹھ پر جاری گیسٹ فارما کے اشتراک سے جاری آٹھویں آل کراچی کورنگی بلوچ چیلنج کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں 5میچز کے فیصلے ہوگئے جس کے مطابق ماری پور بلوچ نے مدمقابل اسلم الیون کو 4-0کے اسکور پر ڈھیر کردیا فاتح کلب کی جانب سے شاکر نے اپنے عمدہ کھیل کی بدولت ہیٹ ٹرک کے ساتھ3گول اور کامران نے ایک گول اسکور کیا۔

دوسرے میچ میں نیشنل فائٹر کالا پل نے اپنے بہترین اور دلکش کھیل کی بدولت ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم بلوچ مجاہد کو 3-1سے شکست دے دی نیشنل فائٹر کی جانب سے سجاد نے 2جبکہ طاہر قاری نے ایک گول کیا جبکہ بلوچ مجاہد کا واحد گول عمر بخش نے کیا۔ٹورنامنٹ کا ایک اور میچ سرحد اسپورٹس لانڈھی اور چنیسر محمڈن کے مابین کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور شاندارکھیل کی بدولت سرحد اسپورٹس لانڈھی نے چنیسر محمڈن کو 3-1سے زیر کرکے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا فاتح کلب کے حنیف، اول شیر اور فصیح نے ایک ایک گول اسکور کیا جبکہ چنیسر محمڈن کا واحد گول ان کے فارورڈ نوید نے کیا۔

(جاری ہے)

کورنگی بلوچ فٹبال اسٹیڈیم شرافی گوٹھ پر جاری ٹورنامنٹ میں مقامی کلب شرافی محمڈن نے شاندار کھیل کی بدولت مضبوط حریف تنظیم اسپورٹس سے مقابلے میں اسے 4-1کے بڑے مارجن سے شکست دی جس کی جانب سے شاہنواز نے دو، عباس اور شبیر نے ایک ایک گول اسکور کیئے جبکہ تنظیم اسپورٹس کا واحد گول ارشد نے کیا۔ ٹورنامنٹ کا ایک اور میچ بلوچ یوتھ اور چنیسر بلوچ کے مابین کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے انتہائی دفاعی کھیل پیش کیا جس کی بدولت کوئی بھی ٹیم مقررہ وقت تک کوئی بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور میچ کے اختتام پر اس کا فیصلہ پنالٹی ککس کی بنیاد پر کیا گیا جس میں بلوچ یوتھ نے 3-2سے کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

ٹورنامنٹ کے میچز میں ریفریز کے فرائض عبدالطیف بلوچ، عبدالغفور، طلحہٰ اور احمد لعل نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر گل محمد کامریڈ تھے۔

متعلقہ عنوان :