بھارت کشمیر میں دہشت گردی کررہاہے،راجہ فاروق حیدر

کشمیر معاملے پر ہم سب اکھٹے ہیں، دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لیکر جائیں گے، 18اپریل کو احتجاجی مظاہرے میں شرکت کریں، لارڈ نذیر احمدودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

منگل 17 اپریل 2018 16:30

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2018ء) وزیر اعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ہندوستان کی پالیسی ہے کہ کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کے خلاف پروپیگنڈا کیا جائے۔ ہمیں دنیا کو بتانا ہے کہ کشمیری اپنی پر امن جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہاں صرف ہندوستان دہشتگردی کررہاہے ۔ ہندوستان نے کشمیر میں جلسے ، جلوسوں اور ریلیوں سمیت نقل و حرکت پر پابندی عا ئد کر رکھی ہے اور وہاں اپنی 7لاکھ سے زائد افواج تعینات کررکھی ہے ۔

دنیا کو سمجھ لینا چاہیے کہ کشمیر دو طرفہ مسئلہ نہیں ، کشمیر کے اندر جو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اس کی مثال کہیں نہیں ملتی، چند روز قبل مقبوضہ کشمیر میں 8سال کی بچی کو نشہ آوردوا کھلا کر اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اس کے اعضاء کاٹ دیے گئے اوراسے بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

میں بحیثیت کشمیری یہاں پر موجود ہوں ، کشمیر پر معاملے پر ہم سب اکھٹے ہیں اور اللہ کے فضل و کرم سے اکھٹے رہیں گے۔

پوری دنیا میں جہاں کہیں بھی کشمیری آباد ہیں انہیں مظلوم کشمیریوں کی آواز کوبلند کرنا ہوگا۔ تارکین وطن کشمیری ہمارا سرمایہ ہیں ،ہم دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لیکر جائیں گے۔سب سے اپیل ہے کہ 18اپریل کو یہاں احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوں۔یہاں کے میڈیا اور تمام سیاسی جماعتوں کا شکرگزار ہوں۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے ان خیالات کا اظہارکشمیری قائدین، برطانوی ممبر پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمدودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد یاسین، جماعت اسلامی کے عبدالرشید ترابی ، لاڑڈ نذیراحمد،احمد رضا قادری ، راجہ نجابت، پاکستان مسلم نون آزاد کشمیر لندن کے صدر راجہ تاج خان، چیف آرگنائزر ذولفقار احمد خان اور سینئر نائب صدر خواجہ ظہور حسین ، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون، آل پاکستان مسلم لیگ، تحریک کشمیر برطانیہ، تحریک حق خود ارادیت اور دیگر سیاسی سماجی اور آزادی پسند تنظیموں نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے کہاکہ سیکورٹی کونسل اور دیگر اداروں نے کشمیریوں کو ان کا حق دینے کا وعدہ کیا ہے، کشمیر کے اندر چو کچھ ہو رہا ہے اس پر دنیا کو نوٹس لیناچاہیے ،۔ انہوںنے کہاکہ یہاں کی نئی نسل کو بھی مسئلہ کشمیر سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہمیں پوری دنیا میں کشمیریوں کی آواز کو بلند کرنا ہے،ہمیں یہاں کی کمیونٹی کو بتانا ہے کہ کشمیریوں پر کیا مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ سب جماعتوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اس معاملے پر اتحاد و یکجہتی کا مظاہر کیا۔ہم سب اکھٹے ہیں اور سب نے ملکر دنیا کو بتانا ہے کہ کشمیر ایک مسئلہ ہے جس کا حل ناگزیر ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہاں احتجاجی مظاہرے کا اثر آزادکشمیر بھی جائیگا ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان ، سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر اور اپوزیشن لیڈر سمیت تمام جماعتوں کا شکرگزار ہوں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ جب ہم سارے اکھٹے ہونگے تو ہماری آواز موثر ہوگی اور دنیا میں ایک مثبت پیغام جائیگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین نے کہاکہ میں نے 6اپریل آزادکشمیر قانون سازا سمبلی کے اجلاس میں تمام رہنمائوں سے اپیل کی تھی سب یہاں آئیں اور کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں ۔ کشمیرکے معاملے پر ہم میں کوئی اختلاف نہیں ہے ، کشمیریوں کی آواز کو دنیا کے ہر فورم تک پہنچانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،انہوں نے کہاکہ 18اپریل کو کشمیریوں کے قاتل بھارتی وزیر اعظم کی برطانیہ آمد پر بھرپور احتجاجی مظاہرہ ہوگا جس میں کشمیریوں سمیت یہاں کی سول سوسائٹی شریک ہوگی۔

انہوںنے کہاکہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر مسئلہ کشمیر کیلئے ہم سب ایک ہیں۔ ہم نے متحد ہوکرمظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہچانا ہے اور دنیا کو بتانا ہے کہ ہندوستانی فورسز کس طرح معصوم کشمیریوں کا خون بہا رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہندوستان طاقت کے زور سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سر دکرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے ۔ کشمیریوں نے اس تحریک کو اپنے خون سے زندہ رکھا ہوا ہے ،دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتی۔

متعلقہ عنوان :