موجودہ حکومت خواتین کے تحفظ اورترقی کے لیئے دیرپا اقدامات کر رہی ہے، عنبرین عجائب

منگل 17 اپریل 2018 19:17

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) سماجی بہبود کی تنظیم " بیداری " کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت خواتین کے تحفظ, خود مختاری اورترقی و خوشحالی کے لیئے دیرپا اقدامات کر رہی ہے، خواتین کو ان کے حقوق سے آگاہی کے لئے پنجاب کمیشن برائے تحفظ خواتین کے قیام سمیت دیگرحکومتی اقدامات خواتین کی ترقی کی جانب اہم قدم ثابت ہوں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اصغر مال راولپنڈی میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ اس موقع پر گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے پرنسپل پروفیسر خوشی محمد ناصر, وائس پرنسپل پروفیسر شاہد حمید جنجوعہ ڈویژنل کوآرڈینیٹر جنڈر انفارمیشن سسٹم راولپنڈی قیصر محمود رانا , ڈاکٹر عبدالکبیر محسن, , ڈپٹی آفیسر سوشل ویلفیئر عدنان شہزاد , حافظہ سدرہ, فاطمہ بشیر, باقر وسیم , کالج کے اساتذہ او رطالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اصغر مال کے پرنسپل پروفیسر خوشی محمد ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے اور تعلیمی ادارو ںمیں پرامن ماحول کی فراہمی کے لیئے حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں, انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں تاکہ ہم بحیثیت قوم جلد سے جلد ترقی کے دور میں داخل ہوسکیں ․ ڈویژنل کوآرڈینیٹر جنڈر انفارمیشن سسٹم راولپنڈی قیصر محمود رانا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خود مختار معاشرے کے لیئے خواتین کی خود مختاری اور معاشی ترقی انتہائی ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات کی روک تھام اور انہیں بنیادی حقوق فراہم کرنے کے لیئے تمام متعلقہ ادارے اپنے تمام وسائل کے ساتھ میدان عمل میں ہیں ․ انہو ں نے کہا کہ خواتین کی ترقی , خودمختاری ترقی و خوشحالی کے لیئے موجودہ حکومت کیطرف سے کیے جانے والے اقدامات دور رس نتائج کے حامل ہیں۔